راولپنڈی... آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی سلامتی اور پاک، ہند کشیدگی پر غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دفاع وطن کے لئے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد کشمیر میں ہندوستانی مظالم پر تشویش ہے۔کشمیر میں مظالم جلتی پر تیل کا کام کررہے ۔ ہندوستانی سیکیورٹی فورسز لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔علاقائی امن کیلئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکناضروری ہے۔ ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا صرف کشیدگی کو بڑھاناہے۔کسی بھی ایڈوانچر اور جارحیت کیخلاف مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہندوستانی جارحیت سے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ عالمی برادری ہندوستانی جارحیت کا نوٹس لے۔ کور کمانڈر کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے مسلح افواج کے مورال اور قوم کے جذبے کا سراہا اور کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک افواج کے جوانوں کی کارکردگی اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کے مثبت راستے پر گامزن ہے۔ طاقت کے استعمال یا دھمکی سے ہمیں نہیں جھکا سکتا۔انہوںنے کہا کہ پالیسی اور طاقت کا استعمال صرف ریاست کا ہی اختیار ہے۔