خورشید شاہ کو اپنے جیل جانے کی فکر ہے ،فواد چوہدری
جہلم.... وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ پاکستان کی پوری قوم وزیراعظم عمران خان اورافواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے۔ کوئی بھی پاکستان کومیلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔پاکستان امن چاہتا ہے اورامن کیلئے کھڑاہے۔ امن، استحکام اورترقی کیلئے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ آج امریکی اخبارات کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کے وزیراعظم کو امن کا نوبل انعام ملناچاہئیے۔ اتوارکو جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت پر سیاست کا سلسلہ جاری ہے۔نواز شریف نے اپنی مرضی سے اسپتال منتقل ہونے سے انکار کیا ۔اب صورتحال یہ ہے کہ سابق وزیراعظم کی صحت مسئلہ نہیں لیکن اس پر سیاست کا ماحول گرم ہے۔نواز شریف خود ایسا نہیں چاہتے۔ مسلم لیگ (ن) میں موجود ایک طبقہ ان کی صحت پر سیاست چمکا رہا ہے کیونکہ انہیں سیاست کرنے کا موقع نہیں مل رہا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ کو نوازشریف کی نہیں اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔ اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈاہے کہ ان سے حساب نہ لیا جائے۔تحریک انصاف کو چوروں اورڈاکووں سے حساب لینے کیلئے ووٹ ملے ہیں۔احتساب کاعمل بلاتفریق اورشفاف انداز میں جاری ہے۔ یہ کسی پارٹی یاگروہ سے بالاترہے، صحت اوراحتساب پرسیاست نہیں ہونی چاہئیے۔وزیراعظم کی قیادت میں معیشت، سیاست، تعلیم ، صحت اوردیگرشعبوں کے مسائل پرچھٹکاراپائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اگرآج اگر ہندوستانی سورما پاکستان سے ڈرتے ہیں تو اس کی وجہ ہمارے شہدا کی قربانیاں اورغازیوں کی ہمت واستقامت ہے جو اپنے لہوسے پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں۔