قطری حکمرانوں کے جرائم کا سلسلہ جاری
پیر 11مارچ 2019 ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” عکاظ “ کا اداریہ نذر قارئین ہے
قطر کے حکمرانوں کی شرمناک سرگرمیاں دن بدن منظر عام پر آتی چلی جارہی ہیں۔ قطر کے حکمراں دہشتگردی اور بدعنوانی کے پرچار بین الاقوامی نظام کو متزلزل کرنے کی پرفریب کوششیں کرتے رہے ہیں اور کررہے ہیں۔ سیاسی، اقتصاد ی امن وسلامتی اور کھیل کود تک کے شعبے میں بدعنوانی کو رواج دے رہے ہیں۔ انکی یہ ساری سازشیں دن بدن سامنے آرہی ہیں۔دنیا بھر میں دہشتگرد تنظیموں کی فنڈنگ کے سلسلے میں قطر کے حکمراں بری طرح سے پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم الاخوان کی سرپرستی کررہے ہیں۔ عراقی حزب اللہ کو ایک ارب ڈالر کا فنڈ قطری یرغمالیوں کی رہائی کے بہانے دیئے ہوئے ہیں۔ نئی بات یہ سامنے آئی ہے کہ قطر کے حکمراں برطانوی بینک سسٹم سے ناجائز فائدہ بھی اٹھاتے رہے ہیں۔برطانیہ میں دھوکہ دہی کے جرائم کے انسداد کی ایجنسی ایس ایف او نے قطر کے حکمرانوں اور بارکلیز کے 4عہدیداروں پر دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزامات عائد کئے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ یہ غیر قانونی طریقے سے رشوت کی بھاری رقمیں پاس کرنے میں مدد کرتے رہے۔
ایک بات یہ ریکارڈ پر آئی ہے کہ قطر کے حکمرانوں نے 2022ءکے دوران فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلے منظم کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے ایک ارب ڈالر کی رشوت دی۔ انہوں نے میزبانی کا حق خریدنے کیلئے 5گنا زیادہ بجٹ پیش کیا تاکہ کسی بھی حالت میں انہیں یہ اعزاز نصیب ہوجائے اور فیفا کے عہدیدار دولت کے دباﺅ میں آکر انہیں ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعزازدیدیں۔ یہ سارے جرائم عالمی امن و سلامتی کو متزلزل کرنے والے جرائم کے طویل سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭