اسلام آباد...وز یر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ٹیکس بیس کو بڑھانا پی ٹی آئی منشور کا اہم جزو ہے، ٹیکس کا موجودہ نظام اور اعدادو شمار کسی صورت ملکی معیشت کو سپورٹ نہیں کرتے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکس کے نظام پر ٹیکس گزاروں کا اعتماد بحال کیا جائے۔ ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ وزیر ِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ریونیو اور ٹیکس بیس بڑھانے، ٹیکس جمع کرنے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ٹیکنالوجی کو بر وے کار لانے اور ایف بی آر میں اصلاحات کے ضمن میں مختلف تجاویز زیر غور آئےں۔اس مو قع پر عمران خان نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کا موجودہ نظام غیر منصفانہ ہے جس میں غریب پر اسکی سکت سے زیادہ ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات اور ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔