دوحہ ... دوحہ میں جاری امریکہ اور طالبان کے مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہوگیا ۔ فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی یقین دہانی اور فوجی انخلاءکے معا ملے پر مسودے کی حد تک اتفاق رائے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر بیان میںکہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا میراتھن راونڈ مکمل ہوگیا ۔ امن کی شرائط میں بہتری آئی ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ دونوں اطراف جنگ کے خاتمہ چاہتے ہیں۔بات چیت میں اتار چڑھاو آتے رہے لیکن ہم نے چیزوں کو درست سمت میں رکھا اور اصل پیش رفت حاصل کی۔خلیل زاد نے کہا کہ امن کے لئے4 معاملوں پر سمجھوتہ لازم ہے۔ اول انسداد دہشت گردی کے معاملے پر یقین دہانی۔ دوم فوجی انخلا ۔سوم انٹرا افغان ڈائیلاگ اور چہارم جامع جنگ بندی۔اس سے قبل جنوری میں ہونے والی بات چیت میں اصولی طور پر4 معاملات پر رضامند ہوئے تھے۔ اب ہم پہلے2 معا ملات پر مسودے کی حد تک متفق ہوئے ہیں۔ خلیل زاد نے کہا کہ اگلے مرحلے میں واشنگٹن اور دیگر اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ مشاورت کروں گا۔ جس کے بعد طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور جلد ہوگا۔