Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیونل میسی کا بارسلونا کلب کیلئے 476فتوحات کا منفرد ریکارڈ

بارسلونا: ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی اپنے ہسپانوی کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے اب تک 85ٹیموں کا مقابلہ کر چکے ہیں لیکن ان میں سے صرف ایک ٹیم ایسی ہے جسے میسی ہرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ بارسلونا کے ساتھ اپنے15سالہ کیریئر کے دوران میسی نے 476فتوحات سمیٹی ہیں۔انہوں نے کلب کے سابق کھلاڑی زیوی کی کامیابیوں کا ریکارڈ بھی برابر کیا ہے ۔16سال کی عمر میں بارسلونا کی سینیئر ٹیم کا حصہ بننے والے میسی اب تک پورا کیریئر اسی کلب کے ساتھ گزارا ہے اور اس دوران انہوں نے 85 حریف ٹیموں کا سامنا کیا اور ان میں سے84کے خلاف فاتح رہے تاہم صرف ایک کلب گرامینٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ میسی کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے۔ 2004-05ءکے ہسپانوی سیزن میں کوپا ڈیل رے کے میچ میں بارسلونا کو اس وقت بڑے اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا جب گرامینٹ نے اس کے خلاف0-1سے کامیابی حاصل کرلی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے بعد میسی کا دوبارہ اس ٹیم سے سامنا ہی نہیں ہوا یوں اس کا ریکارڈ بھی قائم ہے ۔ دوسری جانب ہسپانوی کلب سیوائل کو سب سے زیادہ مرتبہ میسی کی جانب سے ہزیمت اٹھانا پڑی اور یہ ہسپانوی کلب میسی کی موجودگی میں بارسلونا سے 28مرتبہ ہار چکا ہے۔چیمپیئنز لیگ کے حالیہ میچ میں کامیابی سے میسی نے بارسلونا کے لیجنڈ سابق کھلاڑی زیوی کی کلب فتوحات کاریکارڈ 94میچوں کے فرق سے برابر کیا ۔ زیوی نے بارسلونا کیلئے767میچ کھیل کر476 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ میسی نے476ویں فتح سمیٹی وہ اپنا 673واں میچ کھیل رہے تھے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: