Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیشنل ایکشن پلان پر مشاورتی کانفرنس طلب

  اسلام آباد.. وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم قومی امور اور نیشنل ایکشن پلان پر مشاورت کے لئے پارلیمانی جماعتوں کی مشاورتی کانفرنس طلب کرلی۔ وزیرخارجہ  کی جانب سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط لکھے گئے ہیں جس میں 28 مارچ شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی مشاورتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے خط میں کہا کہ دسمبر 2014 میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے المناک وا قعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان مرتب ہوا تھا۔ یہ پلان تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے نتیجے میں قومی اتفاق رائے کا مظہر تھا۔دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلو ہیں۔ کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کے عوامی وعدے کی پاسداری بھی قومی ایکشن پلان میں شامل ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق ذمہ داریوں پر عملدرآمد اور انسداد دہشتگردی کی مالی معاونت سے متعلق عالمی تقاضوں پر عملدرآمد بھی قومی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جہد مسلسل کے اعادہ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔یہ مشاورت پاکستان کی قومی حکمت عملی پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے ہمارے عزم کے تسلسل اور اس کی اہمیت کو دنیا میں اجاگر کرے گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد واضح طور پر پاکستان کے عوام کے طویل المدتی مفاد میں ہے۔

شیئر: