مکیش امبانی نےمدد کرکے بھائی کو جیل جانے سے بچالیا؟
نئی دہلی۔۔۔۔۔سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے مجرم قراردیئے جانے والے انل امبانی جیل جانے سے اس وقت بچ گئے جب ریلائنس کمیونیکیشن(Rcom)نے اریکسن کمپنی کو 550کروڑروپے کے بقایہ جات ادا کردیئے۔یہ اس وقت ممکن ہوا جب بڑے بھائی مکیش امبانی نے مدد کرکے انل امبانی کو مشکل گھڑی سے باہر نکالا۔اریکسن کمپنی کے بقایہ جات اداکئے جانے کے بعد انل امبانی نے اپنے بڑے بھائی اور بھابھی کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بھائی مکیش امبانی اور بھابھی انیتا نے مشکل حالات میں مدد کرکے خاندان کے وقار اور روایات کوبلند کیا۔میرا خاندان ان کا ممنون و مشکور ہے۔ہم ماضی کو بھلا کر روشن مستقبل کیلئے آگے بڑھنے کی کوشش کرینگے۔ بھائی کے حسن اخلاق نے مجھے بیحد متاثر کیا۔این بی ٹی کے مطابق سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ ریلائنس کمیونیکیشن کے صدر انل امبانی کو جان بوجھ کر عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کرنے اور مواصلاتی سامان تیار کرنے والی کمپنی اریکسن کے بقایہ جات ادا نہ کرنے پر توہین عدالت کا مجرم قراردیا تھا۔