بیٹے کے شادی کارڈ میں بی جے پی کیلئے ووٹ کی اپیل مہنگی پڑگئی
اترا کھنڈ۔۔۔ اتراکھنڈ کے باگیشور میں بیٹے کے شادی کارڈ میں بی جے پی کیلئے ووٹ کی اپیل مہنگی پڑگئی۔اس معاملے میں معاون ریٹرننگ افسر نے جوشی خاندان کو نوٹس جاری کردیا تھا ۔ نوٹس کا اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر ملزم خاندان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ ہندوستان ویب سائٹ کے مطابق جوشی نے شادی کارڈ میں تشہیری اشیاء شائع کرنے سے قبل پارٹی سے کسی قسم کی اجازت نہیں لی تھی۔ واضح ہو کہ گروڑ تحصیل کے جوشی کھولا مٹیناکے رہنے والے جگدیش جوشی اور دیوکی جوشی نے اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب 22اپریل کو طے کی اور کار ڈ میں بی جے پی کا انتخابی نشان ’’کمل ‘‘اور ساتھ ہی یہ تحریر ’’تحفہ مت لانا مگر دولہا دلہن کو دعائیں دینے سے قبل 11اپریل کو قومی مفاد میں مودی جی کو ووٹ ضرور ڈالنا‘‘چھپوائی۔سوشل میڈیا پر یہ شادی کارڈ وائرل ہوتے ہی معاون ایف ایس ٹی گروڑ کی شکایت پر معاون ریٹرننگ افسر راکیش تیواری نے دولہا کے والد کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ملزم قراردیتے ہوئے نوٹس جاری کیا۔ دولہا کے والد نے اس واقعہ پرقانونی لاعلمی کا اظہار کیا ۔ معاون ریٹرننگ افسر کی ہدایت پر بیجناتھ پولیس اسٹیشن میں جوشی خاندان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔