نیرومودی لندن میں گرفتار،عدالت میں پیش کرنے کی تیاریاں
نئی دہلی۔۔۔۔۔پنجاب نیشنل بینک سے 13500کروڑ روپے کا گھپلہ کر کے بیرون ملک فرار ہونیوالے ہیروں کے تاجرنیرو مودی کولندن میں گرفتارکرلیاگیا۔اسے ویسٹ منسٹر کی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔جہاں ضمانت کیلئے درخواست دے سکتا ہے ۔گرفتاری کے بعد امید ہے کہ اسے ہند وستان کے حوالے کردیا جائے۔اس سے قبل لندن کی ایک عدالت کی جانب سے وارنٹ جاری کئے جانے کے بعد نیرو کی گرفتاری کی قیاس آرائیاں جاری تھیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق لندن کی عدالت نے نیرو مودی کے خلاف وارنٹ گرفتاری انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ( ای ڈی)کی درخواست پرجاری کیا۔ واضح ہو کہ مفرور ہیرا تاجر گزشتہ دنوں لندن میں دیکھا گیا تھا۔ افسران نے بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی کو ویسٹ منسٹر عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی اطلاع دی گئی تھی۔مفرور ملزم نیرو مودی کو لندن کی سڑکوں پرنظر آنے کا دعویٰ برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف نے کیا تھا۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ نیرو مودی اب لندن کے ہی ایک علاقے میں ہیروں کا کاروبار کررہا ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ہزاروں کروڑ روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہوجانا اس حکومت میں ممکن ہے۔