Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاتیر محمد اسلام آباد پہنچ گئے ،عمران خان نے استقبال کیا

اسلام آباد.... وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیر محمد جمعرات کو3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ائیر بیس پر وزیر اعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود اور خسرو بختیار کے ہمراہ پر تپاک خیر مقدم کیا ۔معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مہاتیر محمد کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں اہم کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ ملائیشین وزیر اعظم 23 مارچ کویوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اپنے دورے کے دوران صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے بعدازاں وفود کی سطح پرمذاکرات ہونگے۔ پاکستان میں آٹو موبائل اورٹیلی مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے عہدیداروں سے خطاب بھی کریں گے۔ دریں اثناءمشیر تجارت رزاق داود نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملائیشین وزیر اعظم کے ہمراہ 35 کے قریب سرمایہ کاروں کا وفد آ یاہے۔ جمعہ کو 3 بڑے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ اپریل کے آخر تک ایف ٹی اے پر دستخط ہو جائیں گے۔ ہارون شریف نے کہاکہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور بورڈ آف انوسٹمنٹ میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ قبل ازیںدفترخارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم مہاتیرمحمد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اوردوستانہ تعلقات مزیدمضبوط ہوں گے۔ اس دورے میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، اوردفاعی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوزرہے گی۔
 

شیئر: