کابل ...افغانستان کے صوبے ہلمند میں دھماکے سے 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ افغانستان ڈائریکٹوریٹ آف اکانومی کے سربراہ نصرت خان مرنے والوں میں شامل ہیں۔ دھماکہ لشکرگاہ اسٹیڈیم میں ہوا جہاں جشن نو روزکے حوالے تقریبات جاری تھیں۔ ایک ہزار سے زائد افراد موجود تھے ۔گورنر محمد یاسین خان حملے میں معمولی زخمی ہوئے ۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے3 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ دھماکہ اسٹیڈیم میں نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔ رائٹر نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے سے پہلے اور بعد میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ اسٹیڈیم میں افراتفری مچ گئی۔لوگوں نے بھاگنا شروع کردیا ۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے لوگوں کو پر سکون رہنے کی اپیل کی ۔اسی اثناءمیں دوسرا دھماکہ ہوا ۔
افغان صدر اشرف غنی نے ہلمند میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔ اشرف غنی نے کہا کہ دہشتگرد لوگوں کی خوشیوں کے دشمن ہیں اور اپنی شکست کو چھپانے کیلئے عوامی مقامات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔