Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاتیر محمد کو پاک فضائیہ کی جیکٹ کا تحفہ

اسلام آباد... ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو وطن روانہ ہو گئے۔نور خان ایئر بیس پر وزیر اعظم عمران خان نے انہیں پرتپاک انداز میں الوداع کیا۔ نور خان ایئر پر وزیر اعظم مہاتیر محمد کو جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملائیشین وزیر اعظم نے پاک، چین اشتراک سے تیار ہونے والے جدید ترین لڑاکا طیارے میں دلچسپی لی۔ انہوں نے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کامعائنہ بھی کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔ مہاتیر محمد کو پاک فضائیہ کی جیکٹ اور طیارے کا ماڈل بھی پیش کیا گیا۔
دریں اثناء ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے عوامی سطح پر رابطوں اور سیاحت کا فروغ ضروری ہے۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں مہاتیر محمدنے کہا کہ اس دورے سے خوش ہوں جس میں انہیں پاکستانی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کا موقع ملا۔دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی پروٹون کراچی میں پاکستان کی الحاج آٹو موٹیو کمپنی کے ساتھ مل کر کار سازی کا پلانٹ لگا رہی ہے۔ آئندہ سال جون میں یہاں پروٹون کی کار تیار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام دونوں سیاحت کے فروغ کے لئے اہم اقدامات ہیں اور کسی بھی ملک کی ترقی اور معاشی خوشحالی کےلئے یہ بنیاد ہیں۔ ہر سال ملائیشیا میں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران سکون محسوس کیا ہے۔
پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور صلاحیت کے تمام مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کو بدعنوان نہیں ہونا چاہیے۔ اگر وہ بدعنوان ہوگی تو اس عفریت سے نمٹنا بہت مشکل ہو گا۔ اسلامو فوبیا کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور وہ مار دھاڑ، قتل یا تشدد کی تعلیم نہیں دیتا ۔

شیئر: