لاہور... وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پاکستان ریلوے کی پہلی نا ن اسٹاپ اسمارٹ ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتاح کردیا ۔نان اسٹاپ ٹرین 15گھنٹے میں لاہور ،کراچی کے درمیان مسافت طے کرے گی ۔ مسافروں کو ٹکٹ کی قیمت میں شام کی چائے، رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ مسافروں کو وائی فائی اور آڈیو کے ساتھ بیڈنگ کی سہولت کی فراہم کی گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسیوں آن لائن اور این این آئی کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون بننا ایک انقلاب ہے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے ریلوے کا کردار اہم ہوگا۔ریلوے کی بہتری کیلئے ہر ممکن مدد کروں گا۔ انہوںنے کہا کہ جتنی مہنگائی ہے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ ہونا چاہیے۔ چاہتا ہوں کہ تمام مزدوروں کو ہیلتھ کارڈ ملے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امیر طبقہ اور اوپر چلا گیا اور غریب آج بھی پیچھے ہیں۔ عوام سے کوئی جھوٹے وعدے نہیں کرنا چاہتا۔
انہوںنے مزید کہا کہ چین نچلے طبقے کو اوپرلے کر آیا اور ترقی کرگیا۔ملک میں ریلوے کی پٹڑی کو بڑھانا ہے۔ٹرین ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لئے چین سے مدد لیں گے۔ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون بننا ایک انقلاب ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ کیلئے ریلوے کا استعمال ملکی مفاد کیلئے بہتر ہے۔ انگریز جو پٹری بنا کر گیا تھا ہم اس سے 2000 کلو میٹر پیچھے چلے گئے ۔نئے پاکستان میں ٹورازم میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ سڑکوں پر رش کم کرنے کیلئے ریلوے کو پرموٹ کریں گے۔ وزارت پٹرولیم کو کہوں گا کہ مصنوعات کی ترسیل ریلوے کے ذریعے کی جائے۔
وفاقی وزیر شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم ایل ون سے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ٹرین کا سفر کم ہو کر 2 گھنٹے28 منٹ رہ جائے گا۔اس سے بزنس ٹرین پر شفٹ ہو جائے گا ۔ ایم ایل ون کو 3 فیزز میں کر رہے ہیں تاکہ خزانے پر بوجھ نہ پڑے۔ایم ایل ون سے کم سے کم رفتار 160کلو میٹر فی گھنٹہ جبکہ زیادہ سے زیادہ 220کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔ لاہور اور کراچی کا سفر کئی گھنٹے کم ہو جائے گا ۔