گلوکارہ سمیرہ توفیق کے گانے پہلی مرتبہ سعودی عرب میں ریکارڈ
جدہ: معروف عرب گلوکارہ سمیرہ توفیق نے پہلی مرتبہ سعودی عرب میں گانے ریکارڈ کرایئے ہیں۔یہ گانے عید الفطر کے موقع پر ریلیز کئے جائیں گے۔گانوں کے بول سعودی عرب کے مشہور شعراء نے تحریر کئے ہیں جبکہ ان گانوں کی موسیقی مملکت کے مایہ ناز موسیقاروں نے ترتیب دی ہے۔ شعراء اور موسیقاروں میںابراہیم خفاجی، طارق عبدالحکیم، شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ، شہزادہ عبداللہ الفیصل کے نام شامل ہیں۔
سمیرہ توفیق نے اپنے مشہور گانے خصوصاً عوامی لہجے کے گیت بھی ریکارڈ کرائے۔ ابھی تک یہ طے نہیں ہوسکا ہے کہ یہ گانے کس چینل پر نشر کئے جائیں گے۔
سمیرہ توفیق کو ’’حسناء البادیہ‘‘ (بادیہ کی حسینہ) کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ جلد ہی سعودی محکمہ تفریحات کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریبات میں شرکت کریںگی۔انہیں سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے شہری اور بادیہ نشین بہت زیادہ پسند کررہے ہیں۔
’’سمرہ البادیہ‘‘ (بادیہ کی سانولی سلونی) نے حالیہ ایام میں پوری عرب دنیا میں سعودی گانوں کو رواج دیا۔انہوںنے اب تک فن کی دنیا میں جو نام کمایا ہے ،وہ انہی کا حصہ ہے۔ انہوں نے فلموں کیلئے بھی گانے گائے ، ٹی وی پر بھی گانا گاکر اپنی دھاک جمائی۔
’’بنات الخلیج‘‘ (خلیج کی لڑکیاں) ، ‘‘القہوہ‘‘ جیسے ناقابل فراموش یادگار گانے گاکر پوری عرب دنیا میں دھوم مچا دی۔
سمیرہ کو مختلف القاب دیئے گئے ۔ ان میں’’مطربۃ الجیش‘‘ (فوج کی گلوکارہ)،’’ مطربتہ البادیہ‘‘ (بادیہ کی گلوکارہ)، ’’حسناء البادیہ‘‘ (بادیہ کی حسینہ)،’’ حسناء واحہ الصحرا‘‘ (نخلستان کی حسینہ) قابل ذکر ہیں۔
سمیرہ توفیق نے لبنانی لہجے کے گانوں سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے اردن، لبنان اور شام کے بادیہ نشینوں کو اپنے گانوں کے انداز سے اپنالیا۔ معروف عرب شہراء اور موسیقاروں نے گانوں کے سفر میں انکا ساتھ دیا۔