سعودی عرب میں پاکستانی ڈرامے نشر کئے جائیں گے
سعودی عرب میں پاکستانی ڈرامے عربی تر جمے کے ساتھ دکھائے جائیں گے۔
پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق 2 ڈراموں کا انتخاب کیا گیا ہے جو اس سال جون میں سعودی عرب میں نشر ہوں گے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات شازیہ سکندر نے عرب نیوز کو بتایا کہ2 مقبول پاکستانی ڈرامے’دھوپ کنارے‘ اور ’تنہایاں‘ کا انتخاب کیا گیا ہے جن کے عربی ترجمہ کروا کے سعودی عرب بھجوا دئیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے یہ اقدام نہ صرف ذریعہ آمدن بنے گا بلکہ سعودی شہریوں کو پاکستانی ثقافت سمجھنے میں مدد بھی ملے گی۔
گذشتہ ہفتے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سعودی عرب کے دورے کے دوران پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستانی ڈرامے سعودی ائیر لائنز کی پروازوں میں بھی دکھائے جائیں گے۔وزیر اطلاعات نے سعودی حکام کوپاکستانی ادا کا روں اور آرٹ اکیڈ میوں کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
اس سال اپریل میں سعودی عرب میں ہونے والے موسیقی کے پروگرام میں پاکستانی فنکاروں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔ گذشتہ سال پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے شاہ فہد کلچر سینٹر میں ہونے والے فیسٹیول میں حصہ بھی لیا تھا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سعودی سلطنت کو جدید طرز پر استوار کرنے کی کوشش ہے جس کے تحت فلم انڈسٹری ، عوامی کنسرٹ اوردیگر تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔