Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وہ ایک جوکر ہیں‘، سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے عاقب جاوید پر الزامات

جیسن گلیسپی نے پی سی بی سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے موجودہ کوچ عاقب جاوید کو مسخرا قرار دے دیا ہے۔
کچھ روز قبل پاکستان ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے عاقب جاوید نے پریس کانفرنس میں ٹی20 اور ون ڈے سکواڈز کا اعلان کیا جس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ 
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ’ہم نے گزشتہ ڈھائی سال میں 16 کوچز اور 26 سلیکٹرز تبدیل کیے ہیں۔ اگر آپ دنیا کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ ایسا کریں گے تو ان کی پرفارمنس بھی خراب ہو گی۔’
عاقب جاوید پہلے ہی پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں خراب کارکردگی کے باعث تنقید کی زد میں ہیں اور ان کے اس بیان کو بھی سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل ہوئی۔ 
اس صورتحال میں نیا موڑ اس وقت آیا جب جیسن گلیسپی نے عاقب جاوید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے تھریڈ ایپ پر پوسٹ کی۔ 
گلیسپی نے لکھا ’یہ مزاحیہ بات ہے۔ عاقب واضح طور پر پردے کے پیچھے رہ کر گیری کرسٹن اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا رہے تھے اور تمام فارمیٹس میں کوچ بننے کی کمپین کر رہے تھے۔ وہ ایک جوکر یعنی مسخرا ہیں۔‘

واضح رہے کہ یہاں گلیسپی نے اپنے ساتھ گیری کرسٹن کا بھی ذکر کیا ہے۔ گیری کرسٹن کو پاکستان کا وائٹ بال کوچ مقرر کیا گیا تھا جبکہ جیسن گلیسپی کو ٹیسٹ کوچ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ 
گیری کرسٹن نے ٹی20 ورلڈ کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا اور گلیسپی نے پی سی بی سے اختلافات کے بعد جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 
دونوں کوچز کو دو سال کے معاہدے پر ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ 
تاہم اس وقت پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ گلیسپی کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے، جو گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد وائٹ بال کے عبوری کوچ کے طور پر بھی فرائض انجام دے رہے تھے۔

 

شیئر: