Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان میں 100 مقامات نتھیا گلی جیسے ہیں‘

اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیرو سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ساحلی مقامات سے لے کر پہاڑوں اور صحرائی علاقوں تک سیاحت کے لئے بہترین دلکش مناظر موجود ہیں۔دنیا سیاحت سے اربوں ڈالر کما رہی ہے جبکہ ہم چند ملین بھی مشکل سے کما رہے ہوں گے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان ٹورازم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ٹورازم کے بہت سے مواقع ہیں۔ بلوچستان کی ساحلی پٹی ابھی تک سیاحوں کی منتظر ہے۔ اللہ نے ہمیں کوہ سلیمان، قراقرم اور ہمالیہ کی چوٹیوں سے متنوع خوبصورتی سے نوازا ہے۔ پاکستان کی اشرافیہ کو معلوم ہی نہیں کہ پاکستان میں سیاحت کے کتنے مواقع ہیں؟ ۔میں پوری دنیا گھوم چکا ہوں لیکن پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کی سیاحت سے نوازا ہے۔میں15 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ گلگت گیا تھا۔ میرے استاد نے ہمیں شمالی علاقہ جات کی سیر کرائی تھی۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 100 مقامات نتھیاگلی جیسے ہیں۔ پاکستان میں بے شمار مقامات ایسے ہیں جہاں ابھی تک لوگ نہیں پہنچ سکے۔ بھوٹان جیسے ممالک ٹورازم میں فروغ پا رہے ہیں۔ ہمارے لوگوں کی مہمان نوازی بھی سیاحوں کو متاثر کرتی ہے۔ 
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع ہیں۔ اس سلسلے میں ہم نے سیاحوں کے لئے سہو لتیں مہیا ہیں۔ این او سی کا بھی خاتمہ کردیا ۔ ہمارے شہر پھیلتے جارہے ہیں جس سے سیزن ختم ہورہا ہے۔ اگر زرعی زمینیں ختم ہوجائیں گی تو اس کا نقصان خوراک پر بھی پڑے گا ۔ دنیا کے ممالک جیسے ترکی وغیرہ یہ سیاحت سے اربوں ڈالر کما رہے ہیں ۔کے پی کے میں سیاحت سے لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوا ہے اور غربت میں بھی کمی آئی ہے۔

شیئر: