ہند جانے والے اسرائیلی وفد کی ’’خفیہ دستاویزات‘‘ گم ہوگئی
جنوری میں اسرائیلی وفد کی مودی سے ملاقات کی فائل فوٹو، بشکریہ: اسکائی نیوز
اسرائیلی وفد ہندوستان جاتے ہوئے اسلحہ کے سودوں سے متعلق خفیہ دستاویزات کی فائل ایک ریستوران میں بھول کر چلا گیا
نئی دہلی : اسرائیلی جریدے ہارٹس نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کا وفد ہندوستان جاتے ہوئے اسلحہ کے سودوں سے متعلق خفیہ دستاویزات کی فائل ایک ریستوران میں بھول کر چلا گیا تھا۔ اسرائیلی وفد نے قومی سلامتی کے مشیر میر بن شبات کی زیر صدارت ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ملاقات کی تھی۔
اسکائی نیوز کے مطابق اسرائیلی جریدے نے خفیہ دستاویزات کی فائل گم ہونے کے واقعہ کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی وفد جنوری میں ہندوستان کے اہم دورے پر جارہا تھا۔وفد کے ارکان نے ایک ریستوران میں کھانا کھایا جہاں وفد کے سربراہ کا معاون دستاویزات کی فائل بھول گیا۔ویٹر نے میز پر رکھی ہوئی فائل کھول کر دیکھی تو پتہ چلا کہ اسکا تعلق ہندوستان میں اسرائیلی سفارتخانے سے ہے۔ اس نے اپنے ایک دوست سے رابطہ کیا جس کی ماں اسرائیلی سفارتخانے میں ملازم تھی۔ دوست وہ فائل لیکر دہلی گیا اور اسے اپنی والدہ کے حوالے کردیا۔ ماں نے فائل سفارتخانے میں سیکیورٹی افسر کو پیش کردی۔واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر تحقیقاتی کمیٹی بٹھا دی گئی۔ کمیٹی نے قومی سلامتی کونسل کے مشیر کے معاون کو انتباہ جاری کیا۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹو ں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل ،ہندوستان کو ڈرون ، ٹینک شکن میزائل، توپیں اور رڈار سسٹم جیسے ہتھیار اور طیارے فروخت کرنے کا خواہشمند ہے۔اسرائیلی قومی سلامتی کونسل نے بتایا ہے کہ فائل گم ہونے سے اسرائیلی سلامتی کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔