Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا محمد صلاح گول کرنا بھول گئے؟

 
برطانیہ کی فٹبال کلب لیور پول کے منیجر جرگن کلوپ نے ٹیم کے مصری اسٹرائیکر محمد صلاح کے کچھ عرصہ سے انگلش پریمیئرفٹبال لیگ میں گول اسکور نہ کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ اس پر فکر مند نہیں۔
 جرگن کلوپ کا کہنا ہے کہ مصری فارورڈ ابھی بھی کلب کی جانب سے گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور وہ جلد ہی اپنے کھویا ہوا مقام حاصل کرلیں گے۔
محمد صلاح نے گزشتہ سیزن میں 44 گول کئے تھے لیکن وہ پچھلے8 میچوں میں کوئی گول نہیں کر پائے ہیں حالانکہ انہوں نے 2018-19 میں 20گول کئے تھے۔ جرگن کلوپ نے کہا کہ ٹوٹنہم کے خلاف محمد صلاح اچھا کھیلے تھے۔ 

لیور پول ٹیم منیجر کا کہنا تھا کہ ’جب ہر کوئی اس بارے میں بات کر رہا ہے کہ صلاح نہ جانے کتنے ہی میچوں میں کوئی گول نہیں کر سکے لیکن میں پھر بھی اس بارے میں پریشان نہیں ہوں۔ میں نے صلاح سے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس بارے میں ہمیں کیا کہنا چاہیے کہ صلاح نے گزشتہ سال کلب کی جانب سے 40 گول کئے ہیں! اگر انہوں نے اس سال 20 گول کئے ہیں تو اس طرح ان کے 60 گول ہوگئے ہیں اور میرے خیال میں یہ کارکردگی بری نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ محمد صالح نے گزشتہ سیزن میں اپنے مخالفین کی زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔ صالح کی اس کارکردگی کا اثر ان کے ساتھیوں پر اچھا پڑ رہا ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ٹیم کی جانب سے سادیو مین نے 20گول اور روبرٹو فرمینو نے 14گول کئے ہیں۔ 

آخر میں انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار آپ کو ایسی صورتحال سے باہر آنے میں تھوڑا وقت لگ جاتا ہے جبکہ مجھے پتہ ہے کہ محمد صلاح خطرناک کھلاڑی ہیں اور لیورپول کے لئے مددگار ثابت ہو ں گے اور ہر نئی صورتحال کو بہتر طریقے سے سنبھال لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پریشانی کی بات تب ہوتی ہے کہ اگر آپ کے پاس گول کرنے والا صرف ایک ہی کھلاڑی ہو تو اس سے ہی زیادہ توقعات بڑھ جاتی ہیں۔ اس ساری صورتحال کے باوجود انگلش پریمیئرفٹبال لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 79پوائنٹس کے ساتھ ہماری ٹیم دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔‘

شیئر: