طائف : وزارت شہری خدمات نے چھٹیوں کا سرکاری لائحہ عمل جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ بیماری یا ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے پر مکمل تنخواہ کیساتھ 18ماہ تک کی چھٹی مل سکتی ہے۔
المدینہ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ اگر سرکاری ملازم نے 4برس مکمل کرلئے ہوں تو ایسی صورت میں اسے 2برس تک کی بیماری کی چھٹی مل سکتی ہے۔6ماہ مکمل تنخواہ، 6ماہ نصف تنخواہ ، ایک سال ربع تنخواہ پر چھٹی ملے گی۔
سرکاری ملازم کو 4برس کی سروس کے دوران زیادہ سے زیادہ 2سال کی تنخواہ خطرناک امراض میں سے کسی ایک مرض میں مبتلا ہونے کی صورت میں مندرجہ ذیل تفصیل کے ساتھ مل سکے گی۔
٭ میڈیکل رپورٹ سے اگر یہ ثابت ہوجائے کہ ملازم کسی خطرناک مرض میں مبتلا ہے توایسی صورت میں اسے ایک برس تک مکمل تنخواہ، 6ماہ تک نصف تنخواہ اور مزید 6ماہ تک ربع تنخواہ پر چھٹی کا استحقاق حاصل ہوگا۔
٭ اگر کوئی ملازم ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوگیا ہو یا اسے کوئی ایسا مرض لاحق ہوگیا ہو جس کے باعث وہ عارضی طور پر ڈیوٹی انجام دینے سے قاصر ہو اور بیماری یا زخم ڈیوٹی کی وجہ سے لگا ہو تو ایسی صورت میں اسے ڈیڑھ برس تک مکمل تنخواہ کے ساتھ چھٹی مل سکتی ہے اور اگر مریض یا زخمی ملازم مذکورہ مدت کے دوران شفا یاب نہ ہوا ہو تو ایسی صورت میں اسکا معاملہ جنرل میڈیکل بورڈ کو پیش کیا جائیگا اور اس سے دریافت کیا جائیگا کہ کیا وہ ڈیوٹی سے قاصر ہے۔ آیا اس کی چھٹی میں ایک یا ایک سے زیادہ بار توسیع کی جاسکتی ہے۔ یہ توسیع ڈیڑھ برس سے زیادہ ممکن نہیں۔ اس دوران اسے نصف تنخواہ دی جائیگی۔
٭ اگر کسی سرکاری ملازم کی بابت یہ بات ثابت ہوجائے کہ وہ صحت کی خرابی کے باعث مستقل بنیادوں پر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا اور اس کے حق میں جنرل میڈیکل بورڈ نے رپورٹ دیدی ہو۔
٭ اگر کوئی ملازم ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوجائے یا اسے محسوس ہو کہ وہ اپنی بیماری کے باعث ڈیوٹی جاری نہیں رکھ سکتا تو فوراً اپنے سربراہ کو درخواست پیش کرکے طبی معائنے کیلئے خصوصی طبی ادارے سے رپورٹ طلب کرنے کی درخواست کرے۔ طبی ادارہ ہی اس حوالے سے ضروری کارروائی کا فیصلہ کریگا۔