ڈزنی فلم سٹوڈیو کی مقبول زمانہ فلمیں اب آن لائن دستیاب
امریکہ کے معروف ڈزنی فلم سٹوڈیو کی فلمیں دیکھنے کے شوقین افراد اب ڈزنی کے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم پراپنی پسندیدہ فلمیں دیکھ سکیں گے۔
ڈزنی نے اپنی آئن لائن سٹریمنگ سروس’ڈزنی پلس‘ متعارف کرانے کاباضابطہ اعلان کیا ہے جورواں سال نومبر تک شمالی امریکہ میں متعارف کرائی جائے گی جبکہ بعض جگہوں پر اس سروس کے دستیاب ہونے میں کافی وقت درکار ہوسکتا ہے۔
ڈزنی پلس، نیٹ فلکس اور دیگر آن لائن اسٹریمنگ سروسز کے مقابلے پر بنائی گئی ہے۔
صارفین اپنے پسندیدہ ٹی وی شوز، فلموں اور دیگر مواد تک رسائی کے لیے مقرر کردہ ماہانہ فیس دے کراسے سبسکرائب کرسکیں گے۔
ڈزنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بوب آئیگر کا کہنا ہے کہ ’اس سروس سے مستفید ہونے کے لیے ماہانہ 7ڈالر اور سالانہ 70ڈالر کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ ‘
ڈزنی کی دیگر سٹریمنگ سروسزہولو اورکھیلوں پر مبنی ویڈیو سٹریمنگ ای ایس پی این پلس کے لئے بھی یہی پلیٹ فارم استعمال کیا جاسکے گا۔
ان دونوں سروسز کے صارفین ڈزنی پلس پر منتقل ہوجائیں گے جس سے اس کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔صارفین ایک ہی پاسورڈ اور کریڈٹ کارڈ کی معلومات فراہم کرکے انہیں سبسکرائب کر سکیں گے۔
سنہ 2016سے ڈزنی فلمیں دیکھنے کے لیے نیٹ فلکس کو ہی بہترین آن لائن سٹریمنگ سروس خیال کیاجاتا رہا ہے۔
نیٹ فلکس پر دیکھی جانے والی 2017کی بہترین دوفلمیں اور سنہ 2016اورسنہ2018کی بہترین تین فلمیں ڈزنی کی ہی تھیں ۔
سنہ2017 میں ڈزنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بوب آئیگرنے آن لائن سٹریمنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔
بوب آئیگر کا کہناتھا کہ ان کے نیٹ فلکس کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں تاہم وہ تجرباتی طور پر اس اقدام پر عمل کرنا چاہ رہے ہیں۔
-
ڈزنی پلس پر کون سی فلمیں اور شوز دیکھے جاسکیں گے؟
ڈزنی کے اپنے ہی برانڈکے شوز اور فلمیں اور دیگر مواد ڈزنی پلس پر دستیاب ہوگا جن میں مارول،پکسر،سٹاروارزاورنیشنل جیوگرافک شامل ہیں۔
آئیگر کا کہنا ہے کہ صارفین تصاویر پر مشتمل لائبریری بھی دیکھ سکیں گے ،ڈزنی کی مشہور ترین انیمیٹڈ فلمیں اس پکچر لائبریری کاحصہ ہوں گی۔ کمپنی اپنے خصوصی شوزاور فلمیں بھی آن لائن اسٹریمنگ سرو س کے لیے تیار کرے گی۔
ڈاکیومنٹریز اور رئیلٹی شوزبھی ڈزنی پلس پر دیکھے جاسکیں گے جو اب سے پہلے کسی آن لائن سٹریمنگ سروس میں نہیں دکھائے گئے۔ ڈزنی اپنی حریف کمپنیوں نیٹ فلیکس اور امیزون پرائم کو ٹکر دینے کیلئے مزید نئی چیزیں سامنے لانے کی تیاری کررہا ہے۔