قطر کی میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے عمان اور کویت نے شراکت سے انکار کر دیا ہے جس کے باعث قطر کی مشکلات میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عمان نے فیفا ورلڈ کپ کے میچوں کی میزبانی سے معذرت کی ہے جبکہ کویت نے ممکنہ طور پر 4گروپوں کی میزبانی پر فیفا کی شرائط ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ العربیہ کے مطابق فیفا نے ورلڈ کپ 2022 میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ قطر اتنی زیادہ ٹیموں کی تن تنہا میزبانی کرنے میں ہچکچاہٹ کا اظہار کر رہا ہے۔ جس کے باعث فیفا نے عمان اور کویت کو اضافی گروپوں کی میزبانی کی پیشکش کی تھی ۔
عمان نے فیفا ورلڈ کپ 2022کے میچو ں کی میزبانی کے لیے درکار وقت کی کمی کے باعث معذرت کی ہے۔ عمانی وزیر مملکت برائے امور خارجہ یوسف بن علوی نے کہا ہے کہ مختصر وقت میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مطلوبہ تیاری نہیں ہو سکتی اس لیے عمان کے لیے اس کی میزبانی ممکن نہیں۔دوسری طرف عمان کی معذرت کے بعد فیفا نے اس کے متبادل پر کام شروع کردیا جس میں کویت کو چارگروپوں کی میزبانی کی پیشکش کی گئی۔
مقامی اخبار السیاسہ کے مطابق فیفا کا اعلیٰ وفد کویت پہنچا جس نے کویتی حکام کو میچوں کی میزبانی کے لیے فیفا کی پیشکش اور شرائط سے آگاہ کیا۔ فیفا نے میچز دیکھنے کے لیے تمام شائقین کو بغیر شرط کے ویزے جاری کر نے کی ضمانت مانگی ہے۔
علاوہ ازیں میچوں کے لیے سپانسرز کمپنیوں کو مطلوب تمام سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ان میں سے الکوحل والے مشروبات تیار کرنے والی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کو میچوں کے دوران اشتہارات دینے کی بھی اجازت دی جائے گی۔ شرائط میں فیفا کے مطابق 4نئے سٹیڈیم تعمیر کرنا بھی شامل ہے۔
کویتی سپورٹس اتھارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ فیفا کی شرائط ماننا مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کویت میں ورلڈ کپ کے میچز کے انعقاد کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں تاہم کویتی حکام نے کہا ہے کہ سپورٹس اتھارٹی اس حوالے سے حکومت سے بھی بات کرے گی۔ اس کے بعد فیفا کو حتمی جواب دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے دہشت گردی کی سرپرستی کے الزام کے باعث 2017 سے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کر رکھے ہیں یہی وجہ ہے کہ فیفا مزید میچوں کی میزبانی کے لیے عمان اور کویت کو پیشکش کر رہا ہے۔