'دو نوجوانوں کا جنگل میں چار ارب روپے کا بار بی کیو'
جمعرات 18 اپریل 2019 3:00
اٹلی میں دو طلبہ کو مشترکہ طور پرتین کروڑ ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ جنگل میں بار بی کیو کیا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور درختوں سمیت املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اطالوی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے دونوں نوجوانوں کی عمر 22 سال ہے اور ان پر الزام ہے کہ ان کی باربی کیو کے لیے لگائی گئی آگ جنگل میں پھیل گئی جس سے ایک ہزار ہیکٹر پر کھڑا جنگل جل گیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں نوجوانوں نے دوستوں کے ساتھ مل کر اٹلی کے شمالی علاقے جھیل کومو کے قریب گزشتہ برس 30 دسمبر کو نئے سال کی خوشی میں باربی کیو کا پروگرام بنایا تھا۔
اطالوی اخبار ڈیلی لا ریپبلیکا کے مطابق آگ لگنے کے واقعہ میں کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں جبکہ ایک عمارت میں موجود تمام جانور بھی مر گئے۔
دونوں نوجوانوں پر بھاری جرمانہ 10 برس پرانے فارمولے کے تحت عائد کیا گیا جس کے تحت نقصان کے پیمانے کا اندازہ لگا کر جرمانے کا تعین کیا جاتا ہے۔
یہاں یہ بات واضح نہیں کہ دونوں نوجوان اتنا بھاری جرمانہ کیسے ادا کر پائیں گے۔ دونوں ملزمان کے وکلاء کے پاس فیصلے کو انتظامی عدالت میں چیلنج کرنے کے لیے تین ہفتوں کا وقت ہے