Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاہ فام بچیوں کے ساتھ امتیاز برتنے پر مشہور شخصیت کے خلاف کارروائی

سوشل میڈیا ایپ سنیپ چیٹ کی ایک مشہور شخصیت کو سعودی عرب میں سرکاری سطح پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران دو سیاہ فام بچیوں کو نظر انداز کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ٹویٹر پر سعودی صارفین نے اسنیپ چیٹ کی مشہور شخصیت کی طرف سے سیاہ فام بچیوں کو نظر انداز کرنے کو نسلی امتیاز قرار دیتے ہوئےاس کی شدید مذمت کی ہے۔ 
 
دوسری طرف اس موضوع کے ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے کے بعد سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے مشہور شخصیت کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی قانون کے مطابق تب تک کسی کے نام ذکر نہیں ہو سکتا جب تک جرم ثابت نہ ہو جائے۔
سبق ویب سائٹ کی تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ وزارت داخلہ کی طرف سے محاذ پر مارے جانے والے سعودی فوجیوں کے بچوں کی پذیرائی کے لیے منعقدہ اس تقریب میں پیش آیا جس میں سنیپ چیٹ کی شخصیت کو بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا۔
اس شخصیت نے وزیر داخلہ سے ملنے کے لیے لائن میں کھڑی بچیوں سے انکے تاثرات جاننا شروع کر دئیے لیکن قطار کے آغاز میں کھڑی دو سیاہ فام بچیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے تیسری بچی کے پاس پہنچ گئے۔ ایسے میں سیاہ فام بچیاں اُن کا منہ تکتی رہ گئیں۔
ٹویٹر صارفین نے اس کے اس اقدام پر انتہائی غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشہور شخصیت نے انتہائی مذموم نسلی امتیاز برتا ہے۔ اس سے ایک طرف بچیوں کا دل دکھا ہے تو دوسری طرف فوجیوں کے بچوں کے ساتھ امتیازی رویہ رکھا گیا ہے۔
صارفین کے مطابق عام بچوں کی طرح سیاہ فام بچیاں بھی پذیرائی کی حقدار ہیں۔ 
ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ سعودی عرب لوگوں کے ساتھ مساوات اور انسانیت کی بنیاد پر برتاؤ کرنے والا ملک ہے۔ اتنی بڑی تقریب میں امتیازی سلوک برتنا انتہائی مذموم ہے۔یہ بچیاں اگر شہدا کی نہ بھی ہوں تب بھی اس رویے کی مذمت کی جانی چاہیے۔
دوسری طرف سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے اس مشہور شخصیت کے خلاف کارروائی کی ہدایت کے ساتھ ساتھ سیاہ فام بچیوں کی دلجوئی کے لیے انہیں اپنے دفتر مدعو کیا ہے۔
سیاہ فام بچیوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کا ازالہ کرنے اور ان کی دلجوئی کے لئے ریاض کے ایک معروف بزنس مین محمد القفاری نے انہیں ایک لاکھ ریال انعام دینے کا اعلان کیا ہے جو دونوں لڑکیوں میں برابر تقسیم ہوگا۔
 

شیئر: