Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالم عرب میں فانوس سے رمضان کا استقبال

 
عرب ممالک میں رمضان کا اپنا رنگ ہے۔ یہاں رمضان کا استقبال باقی اسلامی دنیا سے مختلف ایک خاص ماحول میں کیا جاتا ہے۔ رمضان کے دن اور راتیں یہاں دنیا کے دیگر ممالک سے یکسر مختلف ہیں۔ ماہ صیام میں پورا عرب معاشرہ رمضان میں ڈھل جاتا ہے۔
عرب خطے میں رمضان کا ایک اہم جزو فانوس بھی ہے۔ عربوں کی قدیم روایت ہے کہ وہ رمضان المبارک میں گھروں، محلوں اور مسجدوں میں فانوس روشن کیا کرتے تھے۔ اس سے یہ روایت مستحکم ہوگئی اور اب اس کا رمضان کے ساتھ گہرا تعلق بن گیا ہے۔
فانوس کا آغاز مصرمیں فاطمی ریاست کے دور سے ہوا۔ تاریخ کی کتابوں میں ایک سے زیادہ روایتیں ملتی ہیں۔ جن سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ رمضان اور فانوس کا رشتہ کب قائم ہوا۔ پہلی روایت کے مطابق فاطمی ریاست کے دوران خلیفہ خود رمضان کا چاند دیکھنے نکلتا تھا۔ اس کے جلوس میں بچے لالٹین لیے آگے آگے چلتے تھے۔ ہر ایک بچے کے ہاتھ میں روایتی لالٹین ہوا کرتی تھی جو وقت کے ساتھ ترقی کرتے ہوئے فانوس کی شکل اختیار کر گئی۔
 
خلیفہ کے جلوس میں لالٹین اٹھانے والے بچے رمضان کی آمد کی خوشی میں ترانے گایا کرتے تھے۔
دوسری روایت بھی فاطمی ریاست سے تعلق رکھتی ہے۔ اس کے مطابق  خلیفہ نے حکم دیا کہ رمضان کے دوران رات بھر سڑکوں، محلوں اور گلیوں کو روشن رکھا جائے۔ اس پر عمل کرتے ہوئے ہر ایک نے اپنے دروازے پر لالٹین لٹکا دی۔ اس سے پھر فانوس کی شکل بدل گئی۔
 
تاریخی روایات سے ثابت ہے کہ فانوس کا آغاز مصر سے ہوا۔ یہ روایت ایک نسل سے دوسری نسل منتقل ہوتی گئی۔ 
یہ رسم بعد میں شام، عراق اور عرب ممالک  تک پہنچی۔ اب شاید ہی کوئی گھرانہ ایسا ہو جو رمضان میں فانوس نہ خریدتا ہو۔ پورا عرب رمضان میں فانوس کا استعمال کرتا ہے۔
رمضان المبارک میں فانوس کی غیر معمولی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس کی باقاعدہ صنعت قائم ہوگئی ہے۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے بعض محلے صرف فانوس کی صنعت سے پہچانے جاتے ہیں۔ یہاں سال بھر مختلف شکلوں کے خوبصورت فانوس تیار کئے جاتے ہیں اور رمضان سے قبل پورے عرب میں برآمد کئے جاتے ہیں۔
 
 
اس صنعت کے فروغ کو دیکھتے ہوئے چین بھی میدان میں کود پڑا۔ چینی کمپنیوں نے انتہائی سستے اور جدید طرز کے فانوس تیار کرنا شروع کیے۔ پہلے فانوس  صرف شمع سے روشن کئے جاتے تھے اب چین نے بیٹری اور بجلی سے چلنے والے فانوس متعارف کرائے۔
بعض چینی فانوس ایسے بھی ہیں جن میں بچوں کے گانے فیڈ ہیں۔ کچھ کے نیچے پہیے لگے ہوئے ہیں۔ اکثر چھوٹے اور کچھ بڑے رنگ برنگی چینی فانوس مارکیٹ میں فروخت ہوتے ہیں تاہم مصر میں تیار ہونے والے روایتی فانوس کی اپنی اہمیت ہے۔
 

شیئر: