Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپنا کھویا ہوا موبائل کیسے حاصل کریں؟

 

آج کل مہنگے موبائل فونز رکھنے کا کسے شوق نہیں، لیکن اگر یہی اسمارٹ فون گم یا چوری ہوجائیں تو شدید پریشانی سے دوچار کردیتے ہیں۔
موبائل صارفین کی پریشانی کی وجہ ایک تو مہنگے فون کا چھِن جانا ہے جبکہ دوسری بڑی وجہ فون میں محفوظ اپنے اہم ڈیٹا سے محروم ہوجانا ہے۔ لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں،کیونکہ اینڈرائیڈ فون کے اندر ہی ایسے فیچرز ہیں جن کے استعمال سے آپ اپنا کھویا ہوا فون واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے تو اپنے اسمارٹ فون پر مضبوط پاسورڈ یا فنگر پرنٹ لاک لگائیں۔ فیشل ریکوگنیشن فیچر کو سیکیورٹی کے لیے استعمال نہ کریں کیونکہ کوئی بھی آپ کی تصویر دکھا کرفون ان لاک کرسکتا ہے۔ مضبوط پاسورڈ لگانا اس لیے ضروری ہے تاکہ کسی بھی شخص کو آپ کے فون میں موجود ای میلز ، بینکنگ ڈیٹا اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل نہ ہو۔ 
کسی بھی اینڈرائڈ فون پر جب آپ گوگل اکاؤنٹ سے سائن ان کرتے ہیں تو فائنڈ مائی ڈیوائس کا آپشن خود بخود آن ہو جاتا ہے۔ چیک کرنے کیلیے فون کی سیٹنگ میں جاکر سکیورٹی اینڈ لوکیشن کے آپشن کو منتخب کریں اور وہاں فائنڈ مائی ڈیوائس فیچر اگر آف ہے تو آن کر لیں۔ 
اب اگر آپ کا فون گم ہو جاتا ہے تو کسی لیپ ٹاپ ، کمپیوٹر یا دوسرے اینڈرائڈ فون پر گوگل اکاؤنٹ سائن ان کریں اور اینڈرائیڈ ڈاٹ کام/فائنڈ ویب سائٹ اوپن کریں۔ یہ ویب سائٹ خودکار طور پر آپ کے فون کو لوکیٹ کرنے کی کوشش کرے گی اور فون پر بھی اس بات کا الرٹ جاری کیا جائے گا کہ اس فون کو ٹریک کیا جاچکا ہے۔
اگر فون قریب میں موجود ہے تو آپ پلے آ ساؤنڈ کے آپشن کی مدد سے فون کو باآسانی ڈھونڈ سکتے ہیں۔ اگر فون کو چوری کرنے کے بعد بند کردیا جاتا ہے تو اسے لوکیٹ نہیں کیا جاسکے گا لیکن جیسے ہی فون دوبارہ آن ہو کر کسی وائی فائی سے کنیکٹ ہوگا تو گوگل کی جانب سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
اگر آپ اپنے چوری شدہ فون کو لوکیٹ کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اسے ذاتی طور پر حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لیں۔ 
فون گم ہونے کے بعد اگر اسے ڈھونڈنے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوں تو اپنے اسمارٹ فون کیریئر سے رابطہ کریں۔ آپ کے فون کو ڈیٹابیس سے ہٹا دیا جائے گا جس کے بعد دوسرا شخص اسے استعمال نہیں کر سکے گا۔ اگر آپ نے اپنے فون کی انشورنس کروائی ہوئی ہے تو اپنا کلیم فائل کریں اور مروجہ طریقے کے مطابق نیا فون حاصل کرلیں۔

شیئر: