Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد صلاح کی فٹبال کھیلتی بیٹی کی وجہ سے آفریدی مشکل  میں

محمد صلاح اپنی بیٹی کے ساتھ فٹبال میدان میں
مصر کے فٹبالر محمد صلاح کی معصوم بیٹی نے ’گول سکور‘ کر کے خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے کی بحث کو مزید آگے بڑھا دیا ہے ۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس وقت محمد صلاح کی بیٹی کی فٹبال کھیلتے ہوئے ویڈیو اور پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے اپنی بیٹیوں کو گھر سے باہر کھیلنے کی اجازت نہ دینے کے بیان پر تبصرے کر رہے ہیں ۔
اصبا اختر نامی ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں لیور پول کا میچ ختم ہونے کے بعد محمد صلاح ڈریسنگ روم جارہے ہیں اوراس وقت واپس مڑتے ہیں جب ان کی بیٹی پیچھے رہ جاتی ہے ۔
دو منٹ کی ویڈیو میں محمد صلاح کی معصوم بیٹی فٹبال کے ساتھ کھیلتے ہوئے گول کرنے کے لیے دوڑ رہی ہے ۔ صلاح کی اہلیہ اور ایک فوٹو گرافر بچی کے پیچھے جاتے ہیں مگر وہ ایک گول کرنے کے بعد دوسرے کے لیے دوڑ پڑتی ہے ۔
اس ویڈیو کو اصبا اختر کے اکاؤنٹ سے 14 لاکھ 40 ہزار لوگوں نے دیکھا۔
مصر کی قومی ٹیم کے رکن محمد صلاح انگلش فٹبال کلب لیور پول کی جانب سے کھیلتے ہیں اور ان کے کروڑوں مداح ہیں ۔
ان کے ٹوئٹر پر87 لاکھ 77 ہزار فالوورز ہیں ۔

معصوم بچی کی فٹبال کھیلتے ویڈیو سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پرایک صارف امینہ نے لکھا ہے کہ ’ہراس شاہد آفریدی کے لیے جو اپنی بیٹیوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتا ہے، ایک محمد صلاح بھی سامنے آیا ہے جو اپنی بیٹی کو زندگی سے لطف لینے کے لیے آزاد چھوڑتا ہے۔‘
یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ان کی بیٹیوں کو کسی بھی کھیل میں شرکت کی اجازت ہے جب تک کہ وہ کھلے میدان میں نہ کھیلا جائے۔
ملیحہ منظور نے اپنی ٹویٹ میں بلاول بھٹو اور مریم نواز کے ٹویٹس کے سکرین شاٹس لگا کر کہا کہ ’ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کی ترجیحات دیکھ لیں۔‘
بلاول بھٹو نے صلاح کی بیٹی ویڈیو شیئر کی ہے جبکہ مریم نواز نے شاہد آفریدی کی ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا تھا۔
اپنی کتاب کے 36 ویں باب میں ’خوشی، عقیدہ اور شک‘ کے عنوان تلے شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’کرکٹ، میری بیٹیوں کے لیے نہیں ہے۔ ان کو انڈور گیمز کھیلنے کی اجازت ہے جو وہ کھیلنا چاہیں مگر میری بیٹیاں ایسے مقابلوں میں حصہ نہیں لیں گی جو عام لوگوں کے سامنے ہوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ یہ فیصلہ سماجی اور مذہبی طور پرکیا گیا ہے اور ان کی اہلیہ بھی اس سے متفق ہیں۔
شاہد آفریدی کے مطابق فیمنسٹ جو چاہیں کہیں ’میں نے بطور قدامت پسند باپ اپنا فیصلہ کیا ہے۔‘
ٹوئٹر پر شاہد آفریدی پر تنقید کرنے والے بہت زیادہ تعداد میں ہیں مگر بعض صارفین ان کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔
اشفاق خان نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’کیا محمد صلاح کوئی عالم دین ہے؟ ثقافت اور اسلام کے عقیدے میں بہت فرق ہے۔ شاہد آفریدی کا کلچر الگ ہے جبکہ صلاح کسی اور ثقافت سے تعلق رکھتے ہیں۔‘
ہیل ہیڈرا نامی اکاؤنٹ سے تبصرہ کیا گیا کہ ’یہ دراصل اسلام بمقابلہ کلچر ہے۔ آفریدی پاکستانی ثقافت کو پروموٹ کر رہے ہیں جبکہ صلاح اسلام کو اجاگر کر رہے ہیں۔‘

شیئر: