انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک وُوڈ کا یہ دعویٰ ہے کہ انگلش ٹیم ون ڈے میں 500 رنز بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انگلش فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم حقیقت میں یہ کارنامہ سرانجام دینے کے قابل ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم اپنی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایک عرصے سے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قابض ہے۔ وُوڈ کا کہنا ہے کہ قریباً چارسال سے انگلش بیٹسمینوں کی بدولت ٹیم 50 اوورز کے میچوں میں پہلے نمبر پر رہی ہے۔
مارک ووڈ کہتے ہیں کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے پاس دو بڑے سکور بنانے کا ریکارڈ موجود ہے، انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر481 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اسی طرح پاکستان کے خلاف تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 444 رنزبھی بنا چکے ہیں۔ اسی تناظر میں ون ڈے میں 500 رنز بنانے کی جانب ہماری نظریں لگی ہوئی ہیں۔
ورلڈ کپ 2019 سے قبل پاکستان کے خلاف جاری ایک روزہ میچز کی سیریزمیں بھی انگلش بلے بازوں نے دوسرے میچ میں 373 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تیسرے میچ میں 359 رنز کا ہدف بھی باآسانی حاصل کیا۔
مارک ووڈ نے بی بی سی سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بیٹسمینوں کیلئے 350 یا 400 رنز کا ہدف حاصل کرنا کوئی مشکل کام نہیں رہا، ہم بڑے سے بڑے ٹارگٹ کے پیچھے جا سکتے ہیں۔ حالیہ پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف دو صفر سے برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا ایک میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔