اس عید الفطر پر پاکستان کے سینما گھروں میں سات فلمیں ریلیز ہوں گی جن میں دو اردو، دو پنجابی اور تین پشتو فلمیں ہیں۔
اردو فلموں میں ’رانگ نمبر 2‘ اور دوسری ’چھلاوہ‘ ہے۔
رانگ نمبر 2 کے ہدایت کار یاسر نواز ہیں، اس فلم کے مرکزی کرداروں میں نیلم منیر اور سمیع خان ہیں جبکہ دیگر اداکاروں میں ثنا، دانش تیمور، یاسر، احمد حسن اور محمود اسلم ہیں۔ اسی طرح چھلاوہ میں حال میں تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات مرکزی کردار ادا کریں گی۔
رانگ نمبر 2 اور چھلاوہ کے لیے ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔ فلم ڈسٹری بیوٹر اور سینما مالک ندیم مانڈیوالہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کامیڈی فلمیں ہیں اور پاکستانی سینما شائقین انٹرٹینمنٹ پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلمی صنعت کے زوال کے بعد پاکستانی فلمیں 2013 سے بننا شروع ہوئیں۔
ندیم مانڈیوالہ کا کہنا تھا کہ ان کو امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ فلمیں بہتر ہو جائیں گی اور جتنی زیادہ فلمیں بنیں گی ان میں اتنی ہی بہتری نظر آئے گی۔
اس دفعہ عید پر پاکستان کے سینماؤں میں انڈین فلمیں نہیں ہوں گی جس کی وجہ پاکستان اور انڈیا کے مابین کشیدہ حالات ہیں۔ تاہم انگریزی فلمیں الہ دین، گاڈزیلا اور سیکرٹ لائف آف پیٹس بھی پاکستان میں ریلیز ہوں گی۔
اردو کے علاوہ اس عید الفطر پر سینما شائقین کے لیے دو پنجابی فلمیں ’شریکے دی اگ‘ اور ’پیشی گجراں دی‘ بھی ریلیز ہوں گی۔