Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

علی وزیر کو سپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا
پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پشاور کی سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
علی وزیر کو منگل کی صبح صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلعے بنوں کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے عدالت سے مزید ریمانڈ کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے سی ٹی ڈی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئےعلی وزیر کو سنٹرل جیل پشاور بھجنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج چھٹی پر تھے جس کی وجہ سے علی وزیر کو سپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 27 مئی کو علی وزیر کو صوبہ خیبر پختونخواہ کی تحصیل بویا میران شاہ میں فوج اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے علی وزیر کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

علی وزیر کو میران شاہ میں فوج اور پی ٹی ایم کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ تصویر، ٹوئٹر
علی وزیر کو میران شاہ میں فوج اور پی ٹی ایم کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ تصویر، ٹوئٹر

پی ٹی ایم کے ممبران کے خلاف درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پی ٹی ایم سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ سمیت تقریباً ساڑھے تین سو مسلح افراد نے آرمی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق حملہ کرنے والے افراد پاکستان فوج سمیت دیگر سکیورٹی ایجنسیز کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے۔
علی وزیر کے علاوہ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ بھی اس کیس میں آٹھ روزہ ریمانڈ پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہیں اور انہیں سات جون کو ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
محسن داوڑ کو گزشتہ جمعرات کو شمالی وزیرستان سے حراست میں لیا گیا تھا۔

 

 

شیئر: