ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے یورپی ممالک اس پوزیشن میں نہیں کہ ایران پر تنقید کر سکیں۔
ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پیر کو جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس تہران کا دورہ کریں گے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ’یقینی طور پر یورپی ممالک اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ ایران پر تنقید کر سکیں اور ان معاملات پر بھی جس کا معاہدے سے کوئی لینا دینا نہیں۔‘
جواد ظریف نے مزید کہا کہ یورپی اور مغربی پالیسیوں کی وجہ سے خطے کو نقصان پہنچا ہے۔
جواد ظریف کے مطابق ’اس بات کو یقینی بنانے کے لیے یورپی ممالک کی یہ ذمہ داری ہیں کہ ایران کے ساتھ معاشی تعلقات کو واپس معمول پر لائیں۔‘
جوہری پروگرام روکنے کے لیے ایران نے چین، روس، جرمنی، برطانیہ، فرانس اور امریکہ کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ کیا تھا جس کے بدلے میں ایران پر عائد کی گئی پابندیوں کو بتدریج ختم کیا جانا تھا۔
گذشتہ برس امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے سے خود کو علیحدہ کر کے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کیں۔