Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 امیتابھ بچن کے بعد عدنان سمیع کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہیک

معروف انڈین اداکار امیتابھ بچن کے بعد گلوکار عدنان سمیع کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہیک ہو گیا ہے۔ 
بظاہر ترک ہیکرز نے عدنان سمیع کے ٹوئٹر ہینڈل میں بھی ردوبدل کیا ہے اور ان کے پروفائل پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی تصویر لگا دی ہے۔ 
خیال رہے کہ منگل کی رات امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کچھ دیر کے لیے ہیک ہو گیا تھا۔ 

عدنان سمیع کی ٹوئٹر پروفائل 

امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے اور ان کی جگہ وزیر اعظم عمران خان کی تصویر لگائے جانے کے مقاصد یا اثرات جو بھی ہوں، لیکن ٹوئٹر صارفین کے ہاتھ ایک نیا چٹ پٹا موضوع آگیا اور ٹرینڈ میں مختلف چٹکلے، آرا اور تجاویز سامنے آتی رہیں جن میں سے چند کچھ یوں ہیں۔
وزیر مملکت ماحولیات زرتاج گل وزیر سے منسوب ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس تصویر کو شیئر کیا گیا جو ہیکنگ کے بعد امیتابھ بچن کے ہینڈل سے شیئر ہوئی تھی اور ’لو پاکستان‘ کا میسج دیا گیا تھا، انہوں نے لکھا کہ ’یہ بھارت کے لیجنڈ کی جانب سے ایک گریٹ جیسچر ہے‘ جس سے ظاہر ہے کہ وہ ’واردات‘ سے لاعلم تھیں، اب یہ ری ٹویٹ ان کے اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہے۔
اشعر نامی صارف نے امیتابھ بچن اور عمران خان کی پرانی بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کی، جس میں عمران خان سمجھانے کے اندازمیں امیتابھ بچن کو کچھ بتا رہے ہیں۔ انہوں نے اس کے ساتھ ازراہ تفنن لکھا ’ عمران خان امیتابھ بچن کو سمجھاتے ہوئے کہ کس طرح ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کیا گیا۔‘
اجیت دوول نے بھی ایسے ہی مزاحیہ انداز میں لکھا ’بھائی صاحب ریکھا جی کے ڈی ایم میسجز لیک مت کرنا پلیز‘
پاپا کا بوجھ نامی ہینڈل جس پر ابھیشک بچن کی تصویر لگی ہوئی ہے، سے ٹویٹ ہوا ’میں نے پاپا سے پہلے بھی کہا تھا کہ پاس ورڈ سٹرانگ رکھیں اپنے ٹوئٹر کا، اب ہو گیا نا ہیک، آئی لو ریکھا یہ بھی کوئی پاس ورڈ ہوتا ہے کیا۔
عائشاز ایجنڈا نامی صارف کی جانب سے ایک طنزیہ ٹویٹ کیا گیا، انہوں نے لکھا ’میجر عدنان سمیع کے بعد پیش خدمت ہے میجر امیتابھ بچن، جنہوں نے آصف علی زرداری کی گرفتاری کی خوشی ایسے منانے کا فیصلہ کیا۔‘
محمد نعمان نامی صارف نے امیتابھ بچن اور نریندر مودی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ساتھ  لکھا’ آپ کو چوکیدار کیسے کہا جا سکتا ہے جب آپ میرے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی حفاظت تک نہیں کر سکتے۔
محمد اسد نے لکھا امیتابھ بچن کا اکاؤنٹ ہیک نہیں ہوا، بلکہ یہ فیصلہ پہلے ہو چکا تھا کہ آصف زرداری کی گرفتاری کی خوشی ایسے منائی جائے گی، انہوں نے دونوں کی تصویر بھی شیئر کی۔
مریم نے لکھا، ’یہ آج کی دوسری اچھی خبر ہے، اوہ ترکی، کیا تم جانتے ہو ہم تمہیں کیوں پیار کرتے ہیں۔‘
سٹار لارڈ نامی صارف لکھتے ہیں امیت سر آپ سے یہ امید نہیں تھی، ہم پھر بھی آپ سے پیار کرتے ہیں۔
ساگر نے لکھا، ’ہیکرز سوچ رہے ہوں گے کہ امیتابھ رِکی نامی لڑکے سے کیوں رومانوی باتیں کرتے ہیں، ساتھ انہوں نے امیتابھ اور ریکھا کی ایک رومانوی تصویر بھی لگائی،‘
حسن عزیز نے لکھا پرمپرا پراتشتا انوشاسن کسی بھی لحاظ سے اچھا پاس ورڈ نہیں ہے۔
منوج سنگھ لکھتے ہیں، ہم مریخ پر پہنچ گئے اور آپ ابھی اکاؤنٹ ہیک کر رہے ہو، بڑے ہو جاؤ بچو۔
بابو نے ایک کمپیوٹر کے گرد کافی لوگوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’امیتابھ بچن کا اکاؤنٹ ریکور کرنے کی کوششیں‘۔
فروا نے امیتابھ کی ایک مغموم تصویر لگاتے ہوئے لکھا، ’سمے آ گیا ہے آپ سے ودیا لینے کا‘۔
خیال رہے کچھ گھنٹے قبل امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور عمران خان کی تصویر لگا کر پاکستان کے نام خیرسگالی پیغام بھی لکھا گیا تھا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ترکی کے ہیکرز کا کام ہے۔ بعدازاں اکاؤنٹ کو بحال کروا لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
 

شیئر: