انڈیا کی جانب سے شامی نے چار، بمرا اور چاہال نے دو دو جبکہ پانڈیا اور یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تصویر: اے ایف پی
اولڈ ٹریفرڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو 125 رنز سے شکست دے دی۔ انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 268 رنز بنائے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 143 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ
انڈین بولرز نے شروع سے ہی ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں کے خلاف بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ 100رنز سے پہلے پانچ وکٹیں گرنے سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم دباؤ میں آگئی۔ سب سے پہلے کرس گیل نے پانچویں اوور میں چھ رنر پر وکٹ گنوا دی۔ دوسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی ہوپ بھی پانچ رنز ہی بنا پائے تھے کہ شامی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اوپنر ایمبریس نے ٹیم کو سہارا دینے کو کوشش کی مگر وہ بھی 31 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پورن نے انڈین بولرز کو سمجھ کر کھیلنے کی کوشش کی اور ٹیم کے مجموعی سکور میں 28 رنز کا اضافہ کیا۔ شامی نے یادیو کی گیند پر ان کا کیچ پکڑا۔ ہولڈر بھی چھ رنز بنا کر چاہال کی گیند پر کیچ پکڑوا کر چلتے بنے۔ بریتھ ویٹ ایک اور ایلین بغیر کھاتہ کھولے بمرا کی بال پر آؤٹ ہوئے۔ ہیٹ میئر 18، اور کوٹرل دس رنز پر چاہال کا شکار بنے۔ تھامس کو بھی چار رنز پر شامی نے آؤٹ کیا۔
انڈیا کی جانب سے شامی چار ،بمرا اور چاہال نے دو دو جبکہ پانڈیا اور یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈیا کی بیٹنگ
انڈیا نے اننگز کا آغاز کیا تو چھٹے اوور میں روچ نے روہت شرما کو 18 رنز پرآؤٹ کر دیا۔ ان کے ساتھ آنے والے راہل نصف سینچری سے محروم رہے۔ انہیں 48 رنز پر ہولڈر نے بولڈ کر دیا۔ شنکر بھی کوہلی کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور 14 رنز پر ہوپ کو کیچ پکڑا دیا۔ روچ کی عمدہ بولنگ سے اگلے آنے والے بیٹسمین جادیو بھی پریشر میں آگئے اور صرف سات رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کوہلی اور دھونی نے اس کے بعد 40 رنز کی پارٹنزشپ جوڑی، کوہلی 72 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پانڈیا نے آخری اوورز میں دھونی کے ساتھ 70 رنز کی بہترین پارٹنرشپ جوڑی مگروہ بھی نصف سینچری بنانے میں ناکام رہے اور کوٹرل کی گیند پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دھونی نے 56 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روچ تین جبکہ ہولڈر اور کوٹرل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس میچ کے لیے انڈیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز نے نیل ایمبریس اور بولر فیبئن ایلن کو ٹیم میں شامل کیا۔
ورلڈ کپ میں انڈیا کی ٹیم پانچ میچز کے بعد نو پوائنٹس کے ساتھ اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ انڈیا نے پانچ میں سے چار میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کی وجہ سے اسے ایک پوائنٹ ملا۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے، اسے چھ میں سے چار میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کو ایک میچ میں بارش کی وجہ سے ایک پوائنٹ ملا۔
ورلڈ کپ میں اس میچ سے قبل دونوں ٹیمیں آٹھ بار آمنے سامنے آئیں جس میں سے پانچ بار انڈیا جبکہ تین بار ویسٹ انڈیز ٹیم کو کامیابی ملی۔