ورلڈ کپ کے 36ویں میچ میں آج ہفتے کو ہیڈنگلے میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کوتین وکٹوں سے شکست دے دی ۔افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 228 رنز کا ہدف دیا جسے پاکستانی ٹیم نے آخری اوور میں پورا کیا۔
پاکستانی بولنگ نے افغان ٹیم کو کم سکور پر روک تو لیا مگر ہدف کے تعاقب میں کئی بار ایسا لگا جیسے میچ افغانستان با آسانی جیت جائے گا۔افغان سپنرز کے آگے پاکستانی اوپنرز کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر بھی فلاپ ہوا۔شائقین نے کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے دعاؤں کا سہارا لیا۔آل راؤنڈر عماد وسیم اورانجری کے باوجود بولر وہاب ریاض نے آخری اوورز میں عمدہ کارکردگی دکھائی، جس کے باعث فتح نے پاکستان کے قدم چومے۔
سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو اب کل ہونے والے میچ میں انڈیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی ہار کا انتظار ہے جس کے بعد پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے۔
پاکستان کی بیٹنگ
228 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو پہلے اوور کی دوسری بال پر فخر زمان بغیر کوئی رنز بنائے مجیب کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد بابر اعظم اور امام نے 72 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، امام غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں 36 رنز پر سٹمپ آوٹ ہوئے۔بابر اعظم بھی نصف سینچری سے محروم رہے اور 45 رنز پر نبی نے انکو بولڈ کر دیا۔حفیظ بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 19 رنز پر مجیب کا شکار بنے۔حارث سہیل کو 27 رنز پر راشد خان نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔سرفراز احمد غیر ذمہ دارانہ رنز لیتے ہوئے 18 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔عماد وسیم نے عمدہ بیٹنگ کی انہوں نے 49 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے نبی نے اور مجیب نے دوجبکہ راشد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی بیٹنگ
افغانستان نے بیٹنگ شروع کی تو جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنا چاہی مگر شاہین آفریدی نے انکی خواہش پوری نہ ہونے دی۔پانچویں ہی اوور میں شاہین نے گلبدین کو 15 اور اگلی ہی بال پر ہشمت اللہ کو بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ کر دیا۔اوپنر آنے والے رحمت شاہ بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور 35 رنز پربابر اعظم نے عماد وسیم کی گیند پر انکا کیچ پکڑا۔اس کے بعد اصغر افغان اور اکرام علی خیل نے 64 رنز کی پارٹنر شپ جوڑی۔اصغر افغان 42 رنز پر شاداب خان کا شکار ہوئے۔اکرام علی خیل نے ٹیم کے مجموعی سکورمیں 24 رنز کا اضافہ کیا، اور چھکا لگانے کی کوشش میں عماد وسیم کی بال پر حفیظ کو کیچ پکڑا دیا۔آل راؤنڈر نبی اور نجیب اللہ نے وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کو سہارادینے کی کوشش کی مگر وہاب ریاض نے 16 رنز پر نبی کو پویلین بھیج دیا۔نجیب اللہ نے چھ چوکوں کی مددس ے 42 رنز بنائے، شاہین نے انکو بھی نصف سینچری نہ بنانے دی اور بہترین بال پر بولڈ کر دیا۔راشد خان آٹھ رنز بنا پائے انکی وکٹ بھی شاہین آفریدی کے نام رہی۔حامد حسن کو وہاب ریاض نے ایک رنز پر بولڈ کیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین چار،وہاب اور عامد نے دوجبکہ شاداب نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ افغان ٹیم میں دولت ذدران کی جگہ حامد آج کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کی گذشتہ تین میچز میں عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اسے افغانستان کے خلاف میچ میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ بیٹنگ میں بابر اعظم اور حارث سہیل فارم میں ہیں جبکہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر بہتر ردھم میں نظر آ رہے ہیں۔
پاکستان کے اس وقت سات میچز کھیلنے کے بعد سات پوائنٹس ہیں اور آخری دو میچز جیتنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 11 ہو جائیں گے۔
پاکستان کو ورلڈ کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں 31 مئی کو ویسٹ انڈیز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اگلے میچ میں تین جون کو ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو ہرایا تھا۔
اس کے بعد سات جون کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش کی نذر ہو گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ 12 جون کو ٹیم چوتھے میچ میں آسٹریلیا سے اور 16 جون کو پانچویں میچ میں روایتی حریف انڈیا سے ہار گئی۔ تاہم اس کے بعد پاکستان 23 جون کو جنوبی افریقہ اور 26 جون کو ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں شامل ہو گیا۔
افغانستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مزید ایک ایک میچ جیتنا ہو گا۔
افغنستان کی ٹیم نے میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیلے ہیں اور ان سب میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، سری لنکا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، انڈیا اور آسٹریلیا کے ساتھ میچز کھیل چکی ہے جبکہ آج اس کا پاکستان اور چار جولائی کو ویسٹ انڈیز سے مقابلہ ہو گا۔
میگا ایونٹ میں اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 6 میچز کھیلنے کے بعد 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ سات میچز کھیل کر 11 ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
ورلڈ کپ میں ابھی تک آسٹریلیا کی واحد ٹیم ہے جو 12 پوائنٹس حاصل کر کے سیمی فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کر چکی ہے۔ آسٹریلیا نے اب تک سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے چھ میں کامیابی ہوئی ہے جبکہ ایک میچ میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
افغانستان کے ساتھ میچ سے متعلق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ بہت دلچسپ میچ ہو گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم بہت اچھی ہے اور ان کے کھلاڑیوں نے پاکستان سے ہی کرکٹ سیکھی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میچ اسی فضا اور ماحول میں ہو گا جس میں پاکستان اور افغانستان کی قیادت نے گذشتہ دو روز میں تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہاں تک میچ کا تعلق ہے تو میری دعا ہے کہ پاکستان یہ میچ جیتے۔