پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ شائقین میں جھگڑا
کرکٹ ورلڈ کپ کے معرکے میں افغانستان اور پاکستان ہیڈنگلے کے میدان میں مدمقابل ہیں،جہاں دونوں ٹیمیں سٹیڈیم کے اندر ایک دوسرے سے جیت کی جنگ لڑ رہی ہیں وہیں ان کے کچھ فینز اسٹیڈیم کے باہر ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے۔
میچ شروع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل پاکستان اور افغانستان کے دو مداحوں کے درمیان پویلین سٹینڈ میں دو سیٹوں پر جھگڑا شروع ہوا، سیکیورٹی اہلکاروں کی مداخلت پر دونوں شائقین کو سٹیڈیم سے باہر جانا پڑا لیکن صورتحال اس وقت ناخوشگوار ہوگئی جب انہوں نے سٹیڈیم کے باہر جھگڑا شروع کردیا۔ تلخ کلامی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ یہاں تک کہ جھگڑے کے مناظر کو کیمرے میں محفوظ کرنے والے صحافی بھی اس کی زد میں آگئے۔
مخدوم ابوبکر بلال نامی صحافی نے ٹوئٹر پر جھگڑے کی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ’جب میں افغانیوں کی پاکستانی تماشائیوں پر حملے کی فوٹیج بنا رہا تھا تو مشتعل ہجوم نے مجھ پر بھی حملہ کردیا۔ سکیورٹی اہلکاروں کا شکریہ جنہوں نے بروقت مداخلت کی۔ افغانیوں کی پاکستانیوں کے لیے اس قدر نفرت دیکھ کر حیران ہوں۔‘
ایک اور صحافی انس سعید نے بھی جھگڑے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’افغان فینز کا سکیورٹی اہلکاروں اور پاکستانی فینز سے جھگڑا۔ پاکستانی صحافیوں کو بھی ہراساں کیا۔‘