حوثی مسلسل ڈرون حملے کر رہے ہیں،المالکی
اتحادی افواج نے پیر کو سعودی عرب پر حوثیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بناد یا ۔اس سے قبل گزشتہ روز ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے عسیر میں آبادی پرحملے کیلئے دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون بھیجا تھا اسے بھی اتحادی افواج نے ہدف پر پہنچے سے قبل ہی اڑا دیا تھا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ حوثیوں نے پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9بجکر 7منٹ پر صنعاءسے سعودی عرب پر حملے کیلئے ڈرون روانہ کیا تھا۔ اسے یمن کی فضائی حدود میں ہی تباہ کردیا گیا۔
ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی دہشتگرد سعودی شہریوں اور انکی تنصیبات پر حملے کیلئے مسلسل ڈرون بھیج رہے ہیں۔سعودی فضائیہ اور اس کے عرب اتحادی صورتحال پر 24گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حوثی نہ تو اپنا کوئی ہدف حاصل کرسکے ہیں اور نہ حاصل کرسکیں گے۔
المالکی کے مطابق دہشت گرد حوثیوں کے مذموم عزائم سے نمٹنے کیلئے موثر انتظامات ہیں۔ ان کی حربی استعداد کو قابو کرنے کیلئے جملہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس سے قبل اتوار کو کرنل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے بھیجا گیا ڈرون فضا میں تباہ کردیا گیا ۔حوثیوں کی طرف سے بھیجا گیا ڈرون دھماکہ خیز مواد سے لیس تھا۔اسے عسیر ریجن کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ سعودی فورسز نے عسیر ریجن کی جانب آنے والے ڈرون طیارے کا مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجکر 45 منٹ پر سراغ لگایا تھا۔
سعودی فورسز نے عسیر کی فضائی حدود میں یہ دوسرا ڈرون تباہ کیا ہے۔ اس سے قبل مملکت کی یمن کے ساتھ جنوبی سرحد پر واقع جازان شہر کی سمت بھیجا گیا ڈرون گرایا گیا تھا۔
ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی دہشت گرد سعودی عرب کے مختلف شہروں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے ڈرون طیارے بھیج رہے ہیں۔ ان کا ہدف شہری علاقوں میں عوامی مقامات ہیں۔