پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ جانےوالے ہزاروں افراد واپس
گورنریٹ مکہ مکرمہ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران غیر قانونی طور پر مکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ا سپیشل حج ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے 76 ہزار افراد کو چیک پوسٹوں سے لوٹا دیا ۔
گورنریٹ مکہ کی جانب سے پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم امسال پابندی کا نفاذ کچھ پہلے کر دیا گیا تھا ۔ مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر اسپیشل حج ٹاسک فورس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو متعین کیا جاتا ہے تاکہ وہ پابندی پر عمل کراسکیں ۔
گورنریٹ اور وزارت حج کی جانب سے حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کےلئے مملکت کے دیگر شہروں میں مقیم افراد کے مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے ۔ قانون کے مطابق صرف وہ افراد ہی حج سیزن کے دوران جس کا آغاز 25 شوال سے ہو تا ہے اور 13 ذوالحجہ تک جاری رہتا ہے کے دوران مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکتے ہیں جن کے اقامہ مکہ مکرمہ کی جوازات سے جاری ہوئے ہیں جو اس بات کی دلیل ہوتی ہے کہ وہ افراد مکہ مکرمہ کے رہائشی ہیں ان کے علاوہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کےلئے جانے والے وہ افراد جن کے پاس جوازات سے جاری ہونے والا مکہ مکرمہ جانے کا خصوصی پرمٹ ہو اس کے علاوہ کوئی کسی کو بھی سیزن کے دوران مکہ مکرمہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی ۔
پرمٹ کیوں ضروری ہے
مملکت میں مقیم افراد کو پہلے یہ آزادی تھی کہ وہ جب چاہیں حج ادا کر لیں ۔ آزاد حج کرنے والوں کی وجہ سے راہداریں قیام و طعام گاہوں میں تبدیل ہوجاتی تھیں جس سے مشاعرمقدسہ ( حج مقامات ) پر حجاج کو آمد روفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔
اس رحجان کے خاتمے کےلئے وزارت حج نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں کو اس امر کا پابند کیا کہ وہ مقامی کمپنیوں کے ذریعے حج ادا کریں ۔ نجی کمپنیوں پر داخلی عازمین حج کے قیام و طعام اور نقل و حمل کے علاوہ حج پرمٹ کے حصول کی جملہ ذمہ داریاں عائد کی گئیں تاکہ عازمین منظم انداز میں سکون سے فریضہ حج ادا کریں اور کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کریں ۔
مکہ مکرمہ میں حج سیزن کے دوران ان افراد کو خصوصی پرمٹ جاری کیاجاتا ہے جن پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کےلئے مکہ مکرمہ جانا ضروری ہوتا ہے ایسے افراد کو پرمٹ حج سیزن سے قبل جاری کیاجاتا ہے جس پر واضح طور پر یہ درج ہونا ہے کہ" حامل ہذا حج ادا کرنے کا اہل نہیں © " ۔پرمٹ پر ایک ماہ کےلئے جاری کیاجاتا ہے ۔
عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ مملکت کے دیگر شہرو ںمیں مقیم افراد عید الفطر کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں عارضی رہائش اختیار کر لیتے ہیں ۔ایام حج یعنی 8 ذوالحجہ کی شب مکہ مکرمہ سے نکل کر مشاعر مقدسہ روانہ ہو جاتے ہیں ۔ غیر قانونی طور پر حج کرنےوالے راستوں میں ڈیرے ڈال لیتے ہیں جس کے سبب لوگوں کی آمد ورفت متاثر ہوتی ہے ۔