Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 حج اعمال آسان بنانے کے لیے موبائل ایپلی کیشن

سعودی حکومت حج انتظامات کوموثراورآسان بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بڑے پیمانے پراستفادہ کر رہی ہے۔
امسال امیگریشن، صحت خدمات اور حج اعمال میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال  کیا جا رہا ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اس سال عازمین حج  کے اژدھام میں کمی کے لیے جدہ اور مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا ہے۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امسال عازمین حج کو سیلف سروس فراہم کی گئی جس سے انہیں امیگریشن کی کارروائی میں آسانی ہو رہی ہے۔
یہ انتظام محکمہ شہری ہوابازی نے سعودی وژن 2030 کے تناظر میں کیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون مملکت اور اندرون ملک سے حج کرنے والوں پر الیکٹرانک کڑے کی پابندی عائد کی ہے۔ الیکٹرانک کڑے میں حاجی سے متعلق تمام نجی کوائف درج ہوتے ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق چار اگست کو مکہ مکرمہ میں ’حج میں ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کا استعمال‘  کے عنوان سے ایک سیمینار ہو رہا ہے۔
اس کا انتظام وزارت داخلہ نے ام القریٰ یونیورسٹی، محکمہ امن عامہ اور سعودی ہیلتھ کونسل کے تعاون سے کیا ہے۔ سیمینار کی صدارت وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کریں گے جو اعلیٰ حج کمیٹی کے سربراہ اعلیٰ بھی ہیں۔
واضح رہے کہ اعلیٰ حج کمیٹی حج انتظامات کی پالیسی اور حکمت عملی کی ذمہ دار ہے جبکہ مرکزی حج کمیٹی، ایگزیکٹیو ادارہ ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو برس سے’ہیکٹن حج‘ کے نام سے زائرین حرم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو مسخر کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہیں۔
جدہ میں جسے الحرمین گیٹ بھی کہا جاتا ہے۔ 51 ممالک کے نوجوانوں کو دو برس قبل مدعو کیا گیا۔ انہیں حج کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا چیلنج دیا گیا۔
اس کا انتظام سائبر سکیورٹی سعودی آرگنائزیشن نے کیا تھا اس میں پانچ سعودی لڑکیوں نے ’ترجمان‘ اپلیکیشن پیش کر کے نام کمایا تھا۔ اس کی بدولت مکہ مکرمہ، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں تمام رہنما بورڈ کا ترجمہ خود کار طریقے سے ممکن ہو گیا ہے۔
سعودی حکومت کی حوصلہ افزائی کی بدولت مقامی شہری اورغیر ملکی حج  انتظامات کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے لیے تجاویز بھی پیش کر رہے ہیں۔

عازم حج وی آر (فرضی منظر نامے کی ٹیکنالوجی )کی مدد سے حج مقامات کا مشاہدہ کر سکتے  ہیں۔ سفر حج شروع کرنے سے پہلے خود کو ذہنی طور پر حج کے ماحول سے مانوس  کیا جا سکتا ہے۔
انٹرنیٹ اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے طواف، سعی، قربانی، شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے لیے مناسب وقت کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
حج مقامات پر چلنے والی ٹرین اور الحرمین ایکسپریس ٹرین کے اوقات اور ریزرویشن آن لائن کرا سکتا ہے۔
حج کے اعمال، دعائیں اور اذکار یاد کرنے، پڑھنے اور دہرانے میں جدید ٹیکنالوجی سے مدد لے سکتا ہے۔
امن و امان کے مسائل پیش آنے کی صورت میں محکمہ امن عامہ سے رجوع کرنے، اسی طرح بیمار ہونے کی صورت میں وزارت صحت اور ہلال احمر کی خدمات حاصل کرنے کیلئے آن لائن رابطہ بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔

شیئر: