انڈیا کے الزامات جھوٹ اور پروپیگنڈا ہیں
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کا انڈین الزام مسترد کردیا۔
ٹوئٹر پرایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان پر لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی اور لاشیں قبضے میں لینے کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ یہ الزامات پروپیگنڈا کے سوا کچھ نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اس قسم کے جھوٹ اورڈراموں سے انڈیا کشمیر میں انڈین فوج کی جانب سے کیے جانے والے مظالم میں اضافے پر دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے‘۔
واضح رہے کہ انڈین فوج نے اپنے بیان میں دعوی کیا تھا کنٹرول لائن کے ساتھ کیرن سیکٹر میں انڈین فوج کی فارورڈ پوسٹ پر بارڈر ایکشن فورس کے حملے کو پسپا کردیا اور پانچ سے سات حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پچھلے دو دن میں ضلع شوپیاں اور بارہ مولا میں جوائنٹ کاﺅنٹر ٹیررازم آپریشن میں حزب المجاہدین کے ایک اور جیش محمد کے تین جنگجوﺅں کو ہلاک کردیا ۔آرمی ،سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور جموں وکشمیر پولیس نے آپریشن میں حصہ لیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پچھلے 36گھنٹے سے پاکستان کی جانب سے کنٹرول لائن کے پار امن خراب کرنے اور امرناتھ یاترا کو نشانہ بنانے کے لئے متعدد کوشش کی گئی۔ دراندازی کی کوششوں میں تیزی آئی ہے۔ انڈین فوج نے ان کوششوں کا مناسب جواب دیا ‘۔
پاکستان کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی تفصیلی خط ارسال کر چکے ہیں، جس میں انڈیا کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اوآئی سی سے رابطہ کرے گا
دریں اثناءپاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر اوآئی سی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کوسرحدپار کشمیر میں امن وامان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کریں گے اور نہتے کشمیریوں کو مظالم سے بچانے کےلیے بھر پورکردار ادا کرنے کا کہیں گے۔