Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کیخلاف ابلاغی مہم پر یورپی عدالت میں مقدمہ 

قطراور ترکی کے حکام نے قانونی ٹیمیں فرانس بھیج دیں۔
 سعودی سرمایہ کار ڈاکٹر احمد البوقری نے الجزیرہ چینل اور ترک میڈیا کے خلاف انسانی حقوق کی یورپی عدالت میں مقدمہ دائرکردیا۔پہلی سماعت جمعرات کو فرانس میں ہوگی۔
مکہ اخبار کے مطابق البوقری نے سعودی عرب کی تصویر مسخ کرنے اور سعودی شہریوں کو بدنام کرنے کیلئے من گھڑت خبریں اورجھوٹی رپور ٹوں پر قطری اور ترکی میڈیا کے خلاف یورپی عدالت سے رجوع کیا ہے۔ مقدمہ عام سعودی شہری کی حیثیت میں دائر کیا گیا۔
یورپی عدالت نے دعویٰ منظور کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں کو عدالت میں خود پیش ہونے یا اپنا نمائندہ بھیجنے کی ہدایت جاری کردی۔ قطراور ترکی کے حکام نے قانونی ٹیمیں فرانس بھیج دیں۔

الجزیرہ چینل اور ترک میڈیا کے خلاف یورپی عدالت سے رجوع کیا گیا

البوقری نے بتایا کہ انہوں نے قانونی ٹیم تیار کرلی ہے۔فرانس اور لبنان کے وکلاءکی خدمات حاصل کی ہیں۔ علاوہ ازیں سعودی وکیل خالد ابوراشد اور کئی سعودی وکلاءبھی عدالت میں پیش ہونگے۔
البوقری نے بتایا کہ یورپی عدالت کو تمام دستاویزات اور دعوے کے حق میں ثبوت پیش کردیئے۔ وکلاءکی ٹیم مزید دستاویزات پیش کرنے کیلئے تیاری کرچکی ہے۔ مقدمہ دائر کرنے کا مقصد قطر اور ترکی کے ذرائع ابلاغ سے سعودی عوام و حکومت کے خلاف تشہیری مہم پر کھلی معذرت کرانا ہے۔
 سعودی سرمایہ کار کا کہنا تھا کہ ہمیں تشہیری مہم پر قطر سے مالی معاوضہ مطلوب ہے اور نہ ہی ترکی سے کسی قسم کا ہرجانہ چاہتے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ پروپیگنڈہ مہم بند کردیں۔ دروغ بیانیوں پر سعودی عرب اور اسکے عوام سے معافی مانگیں۔
 

شیئر: