Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: ایٹمی سائنسدان کی موت معمہ بن گئی

ایٹمی سائنسدان مراکش میں منعقدہ سیمینار میں شرکت گئے تھے
مصری ایٹمی اور لیزر ٹیکنالوجی کے ماہر ابوبکر رمضان کی مراکش میں سیمینار کے دوران پراسرار موت معمہ بن گئی ۔ 
مصری اخبار الیوم الجدید کے مطابق ایٹمی سائنسدان مراکش میں منعقدہ سیمینار میں شرکت کرنے گئے تھے جہاں اچانک انکی طبیعت خراب ہوئی اور وہ چل بسے ۔ 
مصری سائنسدان کی پراسرار موت کے حوالے سے مصری اور مراکشی تحقیقاتی ایجنسیاں حرکت میں آگئیں تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے ۔ مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سائنسدان ابوبکر رمضان نے پروگرام کے مطابق سیمینار میں شرکت کی۔ اپنا مقالہ پیش کرنے کے بعد لیپ ٹاپ میں سیمینار کی تمام تفصیلات نوٹ کیں ۔

ابوبکر رمضان نے ریفریشمنٹ کاﺅنٹر سے  جوس اور دیگر اسنیکس کھائے

مصری میڈیا کے مطابق سیمینار میں وقفے کے دوران ایٹمی سائنسدان ابوبکر رمضان ہال سے باہر آئے جہاں ریفریشمنٹ کاﺅنٹر سے جوس اور دیگر اسنیکس کھائے بعدازاں وہ دوبارہ کانفرنس ہال میں چلے گئے ۔ تھوڑی دیر بعد ان کی طبیعت بگڑنے لگی جس پر وہ کانفرنس چھوڑ کر اپنے ہوٹل کے کمرے میں چلے گئے ۔ 
ابوبکر رمضان کے ساتھی نے بتایا کہ کمرے میں پہنچنے کے بعد بھی انکی طبیعت نہ سنبھلی جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امدا د ملنے سے قبل ہی انکی موت ہوگئی ۔
مصری حکومت نے تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے ۔ مصری تحقیقاتی ادارے کی جانب سے بھیجی جانے والی ٹیم نے مراکشی تحقیقاتی ادارے کے تعاون سے سائنسدان کی موت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا تاہم ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ نہیں بتایا گیا کہ سائنسدان ابوبکر رمضان کی موت کی اصل وجہ کیا تھی ۔ انکی موت کے حوالے سے مصری ذرائع ابلاغ کئی سوالات اٹھا رہے ہیں ۔ 
 

شیئر: