ولیعہد سے جدہ کے قصر السلام میں عیسائی قائدین کے وفد نے ملاقات کی۔
سعودی ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو جدہ کے قصر السلام میں عیسائی قائدین کے وفد نے ملاقات کی ۔اس کی قیادت جویل روزنبرگ کر رہے تھے ۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ولی عہد نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پر امن بقائے باہم کے فروغ ، رواداری کے استحکام اور انتہا پسندی و دہشتگردی کے انسداد کےلئے مشترکہ جدوجہد اشد ضروری ہے ۔
اس موقع پر امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان ، نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان ، رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ و رکن کابینہ عادل الجبیر بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر پر امن بقائے باہم اور رواداری کے فروغ کےلئے ملکی ، علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں و اداروں کے تعاون و اشتراک سے جدوجہد کر رہا ہے ۔سعودی عرب انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد کےلئے فکری ، عسکری اور انتظامی مشن بھی چلائے ہوئے ہے ۔