بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت ان دنوں اپنی نئی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو انڈین ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتا کی بائیوپک یعنی ان کے زندگی اور حالات و واقعات سے متعلق ہے۔ جے للیتا کا 2016 میں انتقال ہوا تھا۔ کنگنا فلم ’تھالے وی‘ میں جے للیتا کا کردار ادا کریں گی۔
فلم کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق کنگنا فلم ’تھالے وی‘ میں جے للیتا کا کرادار ادا کرنے کے لیے چار مختلف روپ دھاریں گی۔
خیال رہے کہ ’تھالے وی‘ تامل زبان کا لفظ ہے جس کے معنی لیڈر کے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق فلم ساز نے کنگنا کو جے للیتا کے چار مختلف ادوار کے روپ میں ڈھالنے کے لیے میک اپ کے ایک ماہر کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر وشنو اندوری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کنگنا کے اس فلم میں چار مختلف روپ ہیں جو کہ جے للیتا کے مختلف ادوار کے ہیں اور ہمیں اس حوالے سے پروڈکشن سے پہلے بہت زیادہ تیاری کی ضرورت ہے۔‘
وشنو اندوری کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے کنگنا کو ان تمام روپ میں ڈھالنے کے لیے ہالی وڈ کے ایک میک اپ آرٹسٹ کو لیا ہے۔‘
علیحدہ سے کیے گئے ٹویٹ میں وشنو نے فلم کے لیے بلائے گئے ہالی وڈ میک اپ آرٹسٹ کا نام بھی بتایا جو کہ جیسن کولنس ہے۔
#ThalaiviUpdate: Kangana has four looks spanning different ages in the film and we have roped in Hollywood Make up artist Jason Collins for Kangana's makeover. #Thalaivi #KanganaRanaut
— Vishnu Induri (@vishinduri) September 12, 2019
واضح رہے ’تھالے وی‘ کے لیے ہائر کیے گئے میک اپ آرٹسٹ جیسن کولن نے ہالی وڈ کی فلموں ’کیپٹن ارول‘، ’بلیڈ رنر‘ اور ’ہنگر گیمز‘ میں بھی بطور میک اپ آرٹسٹ کام کیا ہے۔
فلم ’تھالے وی‘ کے ہدایت کار اے ایل وجے ہیں اور فلم میں جے للیتا کی ایک چھوٹی لڑکی سے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بننے تک کی کہانی بیان کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے میڈیا میں ایسی اطلاعات آئی تھیں کہ ’تھالے وی‘ کے فلم ساز فلم کے لیے مطلوبہ رقم جمع نہیں کر سکے۔ یہ فلم 55 کروڑ انڈین روپے کی لاگت سے بننی ہے۔
It is very disheartening to see baseless rumours being spread without verifying.
The pre-production of #Thalaivi is in full swing and the team is in Mysore for the recce and as planned earlier the shoot will start post Diwali.
— Vishnu Induri (@vishinduri) September 12, 2019
تاہم پروڈیوسر اندوری نے ان رپورٹس کو بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’فلم کی پری پروڈکشن زور شور سے جاری ہے اور فلم کی ٹیم پلان کے مطابق میسور میں موجود ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ دیوالی کے بعد شروع ہو گی اور یہ پہلے سے طے شدہ پرگرام کے مطابق ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کی ’کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ اب افواہیں بغیر تصدیق کے پھیلائی جا رہی ہے۔‘
خیال رہے کہ ’تھالے وی‘ فلم کو تین زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز کیا جائے گا۔ پہلے ہندی میں اسے ’جایا‘ کے نام سے ریلیز کرنے کا پروگرام تھا لیکن کنگنا نے فلم سازوں سے درخواست کی کہ اس کا نام تمام زبانوں کے لیے ’تھالے وی‘ ہی رکھا جائے۔
اداکار اروند سوامی جنہوں نے مانی رتنام کے ’چیکا چیونتھا وانام‘ میں کام کیا، ’تھالے وی‘ میں تامل ناڈو کے سابق وزیراعلیٰ اور مشہور اداکار ایم آر جی کا کردار نبھائیں گے۔ ایم آر جی کا جے للیتا کی زندگی میں اہم کردار رہا ہے۔
یاد رہے کہ جے للیتا تامل ناڈو کی 14 سال سے زائد عرصے تک وزیراعلیٰ رہیں۔ ان کا دسمبر 2016 میں 68 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں