Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں پہلی بار ’بالی وڈ آسکرز‘ کا میلہ سجے گا

انڈین فلم انڈسٹری کی سب سے بڑی مارکٹ شمال امریکہ، برطانیہ اور خلیجی ممالک رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
رواں ہفتے انڈیا کے شہر ممبئی میں پہلی بار ’بالی وڈ آسکرز‘ منعقد کیا جائے گا، جس میں فلمی ستارے انڈین فلم انڈسٹری کی کامیابی کا ایک اور سال منائیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2018 میں تقریباً 18 سو فلمیں ریلیز کرنے کے بعد بالی وڈ دنیا میں سب سے بڑی فلم انڈسٹری بن چکی ہے۔ بالی وڈ کے ناظرین میں آسٹریلیا سے لے کر افغانستان اور افریقہ تک کے بیشتر ممالک کے لوگ شامل ہیں۔
فیڈریشن آف انڈیا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایک رپورٹ کے مطابق 2018 دوران انڈیا کی فلم انڈسٹری میں 12.2 فیصد بڑھوتری ہوئی جس میں نہ صرف ہندی فلمیں شامل نہیں تھیں بلکہ علاقائی زبانوں، یعنی نامل اور تیلگو میں بننے والی فلمیں بھی شامل تھیں۔
انڈیا کے بعد بالی وڈ کی سب سے بڑی مارکیٹ شمالی امریکہ، برطانیہ اور خلیجی ممالک رہے ہیں۔

انڈیا کی اپنی سوا ارب آبادی بھی بالی وڈ کی ترقی کی وجہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

شمال امریکہ اور برطانیہ میں بالی وڈ کی مشہور فلموں کی ریلیز کے موقعوں پر اکثر مداح گھنٹوں قطاروں میں شاہ رخ خان کی صرف ایک جھلک دیکھنے کے لیے کھڑے رہتے ہیں۔
لیکن انڈین فلمیں دوسرے ممالک میں بھی اپنا سکہ جما رہی ہیں جن میں سرِفہرست چین ہے۔
کامیڈی فلم ’اندھادھن‘،حال ہی میں ہونے والے انڈین انٹرنیشنل فلم اکیڈمی (آیفا) ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی تھی۔ اس فلم نے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر کمائے تھے اور اس نے چین میں بھی خاصی شہرت حاصل کی ہے۔
اس کے علاوہ عامر خان، جن کی دو فلمیں چین میں انڈیا کی سب سے زیادہ مقبول ہونے والی فلمیں ہیں، ان کے چین میں بہت سے مداح ہیں۔
فلم ڈسٹریبیوٹر اکشائے راتھی نے اے ایف پی کو بتایا کہ انڈیا فلم انڈسٹری یورپ کے بہت سے ممالک، کینیڈا اور سنگاپور میں مقبول ہے اور اس کی وجہ وہاں رہنے والی جنوبی ایشیا کی آبادی ہے۔
اس کے علاوہ انڈیا کی اپنی آبادی بھی اس فلم انڈسٹری کی ترقی کی وجہ ہے جو سوا ارب سے زائد لوگوں پر مبنی ہے۔
بدلتا رجحان
آئیفا میں نامزد ہونے والی فلمیں ’راضی‘، ’پدماوت‘ اور ادھیڑ عمر میں ماں بننے والی خاتون کی کہانی کے ساتھ بننے والی فلم ’بدھائی ہو‘ اس بات کا ثبوت ہیں کہ بالی وڈ عام طور پر گانے اور رقص کے ساتھ بننے والی فلموں کے رجحان سے کافی آگے بڑھ گیا ہے۔
انڈسٹری میں نئے لوگوں کو بھی خوش آمدید کہا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ناظرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
نیٹ فلیکس کے آنے کے بعد سے کہا جا رہا تھا کہ فلموں کو کم دیکھا جائے گا لیکن انڈین انڈسٹری نے یہاں بھی ’سیکرڈ گیمز‘ جیسی سیریز کے ساتھ اپنا سکہ جمایا لیا ہے۔

شیئر: