توسیع ویزے کے لیے مقررہ میعاد سے زیادہ مدت کے لیے نہیں کی جاسکے گی (فوٹو: سبق)
حج، عمرہ اور مختلف قسم کے وزٹ ویزوں سے متعلق سعودی حکومت کے نئے فیصلے نے پوری دنیا میں ہلچل پیدا کردی۔ سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن نے اس کی پذیرائی کرتے ہوئے فیصلے سے متعلق وضاحت طلب امور کی بابت محکمہ پاسپورٹ سے رجوع کرنا شروع کردیا ہے۔
تواصل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ سے ٹویٹر پر ایک سوال یہ کیا گیا کہ اگر سنگل انٹری وزٹ ویزہ جاری کرایا گیا ہو تو اس میں توسیع کی کیا شکل ہوگی؟
محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ سنگل انٹری وزٹ ویزے میں توسیع قیام کی مقررہ میعاد کے لحاظ سے کی جائے گی۔ توسیع ویزے کے لیے مقررہ میعاد سے زیادہ مدت کے لیے نہیں کی جاسکے گی۔ سنگل انٹری وزٹ ویزہ پر ایک ماہ تک قیام کی اجازت ہے۔ اس سے زیادہ نہیں۔ اجرا کے بعد 3 ماہ کے اندر اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے مزید بتایا کہ اگر ملٹی پل ویزے پر کوئی سعودی عرب آیا ہو تو اس میں کوئی توسیع نہیں ہوگی۔ اسے ویزے میں مقررہ قیام کی میعاد ختم ہونے سے قبل سعودی عرب چھوڑنا ہوگا اور ویزے کی باقی ماندہ مدت سے فائدہ اٹھانے کے لیے دوبارہ واپس آسکے گا۔
ملٹی پل ویزہ پر آنے والے کو مجموعی طور پرسال بھر میں 3 ماہ تک قیام کی اجازت ہوتی ہے۔ ایک مرتبہ میں ایک ماہ سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں ہوتی۔ ایک ماہ مکمل ہونے سے قبل ہی اسے مملکت سے نکلنا ضروری ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے سرکاری گزٹ ’ام القریٰ‘ نے وزٹ، حج اور ٹرانزٹ ویزوں کی تنظیم نو سے متعلق کابینہ کے فیصلے کی تفصیلات شائع کردی ہیں۔ ان کے مطابق عمرہ، سیاحت، تجارت یا رشتہ داروں یا دوستوں سے ملاقات یا کسی اور غرض کے لیے جاری کئے جانے والے سنگل انٹری وزٹ ویزے یا ملٹی پل وزٹ ویزے کی فیس 300 ریال مقرر کی گئی ہے۔
یہ ویزہ 3 ماہ کا ہو یا ایک برس کا ہو قیام کی مدت ایک ماہ مقرر ہو یا تین ماہ قیام کی اجازت دی گئی ہو۔ ہر ایک کی فیس 300 ریال متعین کردی گئی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں