مکہ مکرمہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے محافظ میجر جنرل عبد العزیزالفغم ذاتی تنازعے میں فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
حرم مکی شریف میں آج اتوار کو عشا کے بعد نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ بعد ازاں انہیں شرائع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ان کے سیکڑوں چاہنے والے تدفین میں شامل ہوئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے مکہ ریجن پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ روز میجر جنرل عبدالعزیز بن بداح الفغم جدہ میں اپنے دوست فیصل بن عبدالعزیز السبتی سے ملنے گئے۔
ملاقات کے دوران دونوں کے مشترکہ دوست ممدوح بن مشعل آل علی بھی آ گئے۔ باتوں میں کسی معاملے پر میجر جنرل عبدالعزیز الفغم اور ممدوح بن مشعل کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، جس کے بعد ممدوح وہاں سے غصے کی حالت میں چلے گئے۔ تاہم کچھ دیر بعد وہ اسلحہ لیے واپس آئے اور فائرنگ شروع کردی ۔
جنرل عبدالعزیز بن بداح الفغم کی شاہ سلمان کے ساتھ ایک تصویر۔ فوٹو: اے ایف پی
فائرنگ سے میجر جنرل عبدالعزیز الفغم زخمی ہوگئے انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
سعودی شہری ترکی بن عبدالعزیز السبتی اور فلپائنی باشندے سمیت 5 پولیس اہلکار فائرنگ سے زخمی ہوئے۔ انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے تو ملزم نےمزاحمت کی اور پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہو گیا۔
عرب نیوز ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران تلخ کلامی ذاتی اور مالی امور کے بارے میں ہوئی۔ حکام واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔