Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’15 دن میں881 حوثی مارے گئے‘

ترکی المالکی نے حوثی باغیوں کی فوٹیج کو من گھڑت قراردیا ہے۔ فوٹو: ایس پی اے
 عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’ کتاف‘ کے حوالے سے ایران نواز حوثی ملیشیا کا دعویٰ بے بنیاد ہے جسے بعض غیر ملکی ذرائع ابلاغ پیش کررہے ہیں۔
اتحادی ترجمان نے گزشتہ روز ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے جو دعویٰ کیا جا رہا ہے اس کی کوئی حقیقت نہیں۔ اتحادی افواج کے پاس چھپانے کے لیے کوئی بات نہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اتحادی ترجمان نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا ایرانی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد خطے میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے خوف وہراس پھیلانا ہے۔

حوثی ملیشیا نے الحدیدہ  میں بیلسٹک میزائل اور ڈرون کا ٹھکانہ بنایا ہوا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

 ترجمان کے مطابق 16 سے 30 ستمبر تک اتحادی افواج کی کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
421 مختلف نوعیت کا اسلحہ تباہ کیا گیا جبکہ881 حوثی باغی مارے گئے۔
ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ حوثی ملیشیا نے الحدیدہ کمشنری میں بیلسٹک میزائل اور ڈرون کا ٹھکانہ بنایا ہوا ہے جو خطے میں عالمی سمندری تجارت کے لیے شدید خطرہ ہے۔
ترکی المالکی نے الزام عائد کیا کہ حوثی ملیشیا نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں اسٹاک ہوم معاہدے پر عمل نہیں کیا اور مسلسل عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ یمن میں سیاسی حل کی شروعات حوثیوں کی جانب سے قوام متحدہ کی قرارداد 2216 قبول کیے جانے سے ہوگی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا جنوبی یمن کے علاقوں عمران، صنعا اور صعدہ سے بیلسٹک میزائل فائر کر رہی ہے۔ اس کے باجود اتحادی ممالک یمنی باشندوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں
العربیہ نیٹ کے مطابق کرنل ترکی المالکی نے حوثی باغیوں کی یمن کے ساتھ سرحد کے نزدیک علاقے میں سعودی فورسز پر ایک بڑے حملے کی فوٹیج کو جعلی اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ 
عرب اتحاد کے میڈیا کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ حوثی ملیشیا کے ہر جھوٹے دعوے کی تردید کرتا رہے۔
کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا اس سے قبل بھی اس طرح کے من گھڑت دعوے کر چکی ہے۔ ماضی میں سعودی عرب کے شہر ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا مگر عرب اتحاد نے اس دعوے کو غلط ثابت کردیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: