Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوسٹل میں بچے سے زیادتی کی کوشش

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو 2004 میں قائم کیا گیا تھا۔ پنجاب میں اس کے آٹھ مراکز ہیں۔ فوٹو ٹویٹر
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں لاوارث بچوں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ادارے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ایک ملازم نے 19 اور 20 اگست کی درمیانی شب ہوسٹل میں رہائش پذیر ایک 11 سالہ بچے سے زیادتی کی کوشش کی۔ پولیس نے شکایت پر ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 
لاہور کے علاقہ مغل پورہ کے تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق عثمان نامی ہوسٹل اٹینڈنٹ جس کا کام ہوسٹل میں رہائش پذیر بچوں کی دیکھ بھال ہے اس نے ایک بچے سے زیادتی کی کوشش کی۔ تاہم فوری طور پر پتہ چلنے پر اسے گرفتار کروا دیا گیا۔
ادارے کی چیئرپرسن سارہ احمد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کا علم ہوسٹل مینیجر ظفر اقبال کو ہوا تو انہوں نے فوری کارروائی کی اور اعلیٰ حکام کے علم میں لا کر ملزم کو گرفتار کروا دیا۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

سارہ احمد کے مطابق ’بچہ ڈرا ہوا تھا اور سوائے مینیجر کے بیان کے اور کوئی ثبوت نہیں تھا اب جا کر بچے نے بیان دیا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش ہوئی تو ہمارے پاس ناقابل تردید ثبوت ہے۔ ملزم عثمان کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے اور وہ جیل میں ہے۔‘
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ان کا ادارہ خود اس مقدمے کا مدعی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کے خلاف ہونے والے جرائم کے خلاف جہاد کر رہا ہے اور اس واقعے میں ملزم کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔

 

مقدمے کی تفتیش کرنے والے تھانہ مغل پورہ کے انچارج انویسٹیگیشن حاجی محمد اکرم کے مطابق بچے نے بیان دیا ہے جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ ملزم نے ان سے زیادتی کی کوشش کی۔ اس بیان کو تحریری طور پر تفتیش کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو 2004  میں قائم کیا گیا اور اس وقت پنجاب میں اس کے آٹھ مراکز ہیں جہاں آٹھ سو سے زائد لاوارث بچوں کی نگہداشت کی جاتی ہے۔ صرف لاہور سینٹر میں بچوں کی تعداد 330 ہے۔
واضح رہے کہ چونیاں میں حال ہی میں ہونے والے بچوں کے خلاف واقعات کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے علاقے میں ایک چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا سینٹر کھولنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: