پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 35 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19 اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ 48 گیندوں پر 77 رنز بنانے والے بھنوکا راجا پاکسا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے، وہ اڈانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر زمان تیسرے اوور کی پہلی گیند پر چھ رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔ بابر اعظم تین رنز بنا کر پرادیپ کی بال پر بولڈ ہوئے۔
آصف علی نے 29 اور کپتان سرفراز احمد نے 26 رنز بنائے۔عمر اکمل اور احمد شہزاد دوسرے میچ میں بھی ٹی20 سکواڈ میں اپنی شمولیت کو درست ثابت نہ کر سکے۔
عمر اکمل پہلے میچ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے صفر پر آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد کو 13 رنز پر ڈی سلوا نے بولڈ کر دیا۔ عماد وسیم 47 رنز بنا کر اڈانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 25 رنز دے کر پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔
ڈی سلور نے تین، اڈانا نے دو جبکہ راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ راجا پاکسا نے سب سے زیادہ 77 رنز بنائے، شاداب خان کی گیند پر فخر زمان نے ان کا کیچ لیا۔
جے سوریا نے 34 اور شناکا نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ 16 کے مجموعی سکور پر گر گئی تھی جب دانشکا گونا تھیلاکا عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اوشادا فرنینڈو کو شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میـں کھلیے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں 166 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
اس میچ میں محمد حسنین نے شانداد بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹرک کی تھی تاہم پاکستان کے سات بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکے تھے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں ٹی 20 رینکنگ میں دنیا کی نمبر ون پاکستانی ٹیم کو رینکنگ میں آٹھویں نمبر کی ٹیم نے اپ سیٹ شکست دی ہے۔
سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے دونوں ٹی20 میچز میں اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، ہمیں بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔
2019 میں پاکستان کا ٹی 20 ریکارڈ قابل ذکر نہیں رہا۔ پاکستان کو رواں سال کھیلے گئے پانچ ٹی 20 میچز میں سے چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا اب تک 19 ٹی 20 میچز میں آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں پاکستان 13 جبکہ سری لنکا کی ٹیم چھ میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 سیریز کا آخری میچ بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
پہلے ٹی 20 میں پاکستانی بلے باز ناکامNode ID: 436746
پاکستان کے ایک روزہ سیریز کے سکواڈ سے عابد علی اور محمد رضوان کو ڈراپ کیا گیا تھا جبکہ امام الحق انجری کے باعث ٹی 20 سکواڈ میں شامل نہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں
پاکستان کی سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، فخر زمان، احمد شہزاد، عمر اکمل، آصف علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عامر، محمد حسنین، محمد نواز، شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
پاکستان کے مقابلے میں سری لنکا نے اپنی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم اس دورے پر بھیجی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے دورے سے قبل سری لنکا کے 10 کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان آنے سے معذرت کر لی تھی۔
سری لنکن ٹیم میں کپتان داسن شانیکا کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں دانشکا گوناتھیلاکا، سدیرا سماراویکرما، اویشکا فرنینڈو، اوشادا فرنینڈو، شیہان جیاسوریا، انگیلو پریرا، راجاپکشا، منود بھانوکا، لاہیرو مادھوشنکا، وانیندو ہراسنگھا، لکشن سندکان، اسرو اودانا، نووان پردیپ، کاسن راجتھا اور لاہیرو کمارا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلی گئی تھی جو کہ پاکستان نے دو صفر سے سے اپنے نام کی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں